نان ٹمبر فارسٹ پروڈکٹس کا فروغ حکومت کی ترجیح، جنگلات سے وابستہ مقامی معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے جنگلات و ماحولیات پیر مصور خان نے مشیر وزیراعلیٰ برائے انسدادِ بدعنوانی مصدق عباسی کے ہمراہ ڈائریکٹوریٹ آف نان ٹمبر فارسٹ پروڈکٹس کا دورہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنگلات شاہد زمان سمیت دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ دورے کے موقع پر مشیر وزیراعلیٰ نے ماڈل ڈسپلے شاپ اور نرسری کا معائنہ کیا، جہاں جنگلی مصنوعات نمائش کے لیے رکھی گئی تھیں۔ڈائریکٹر این ٹی ایف پی راشد احمد نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ محکمہ جنگلات کا یہ ذیلی شعبہ خیبرپختونخوا میں نان ٹمبر فارسٹ پراڈکٹس کے فروغ، پائیدار استعمال، ویلیو چین کی ترقی اور ان مصنوعات کی مؤثر مارکیٹنگ پر کام کر رہا ہے تاکہ جنگلات پر انحصار کرنے والی مقامی آبادی کو روزگار کے بہتر مواقع میسر آئیں۔انہوں نے بتایا کہ مقامی سطح پر معاشی خود کفالت کے لیے صوبہ بھر میں کمیونٹی بیسڈ نان ٹمبر فارسٹ پروڈکٹس انٹرپرائزز قائم کی گئی ہیں، مستقبل میں صوبے بھر میں ہربل منڈیوں کے قیام کے منصوبوں سے بھی انھیں آگاہ کیا گیا، جن سے مقامی و بین الاقوامی مارکیٹ تک ان مصنوعات کی ترسیل میں آسانی پیدا ہوگی۔معاونِ خصوصی پیر مصور خان نے اس موقع پر کہا کہ محکمہ جنگلات اور اس کے ذیلی اداروں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لیے اصلاحات جاری ہیں، جن کے مستقبل میں مثبت اثرات سامنے آئیں گے۔این ٹی ایف پی کے تیار کردہ مصنوعات سے حکومت کو سالانہ خطیر منافع حاصل ہوگا،مشیر وزیراعلیٰ مصدق عباسی نے این ٹی ایف پی کے تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے اس شعبے کی کارکردگی کو سراہا اور ان مصنوعات کی مؤثر تشہیر کی ضرورت پر زور دیا۔بعد ازاں معاونِ خصوصی پیر مصور خان نے مشیر وزیراعلیٰ مصدق عباسی کو سو ینئیر بھی پیش کیا۔

مزید پڑھیں