یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے منگل کے روز وزیراعلٰی ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک واک کا انعقادکیاگیا۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور وزیراعلٰی کے مشیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے واک کی قیادت کی۔وزیراعلٰی ہاؤس سے گورنر ہاؤس تک واک میں مقامی حریت رہنما، ضلعی انتظامیہ، سرکاری حکام، طلبہ، سول و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔شرکاء واک نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی اور مودی حکومت کے کشمیری عوام پر مظالم کیخلاف نعرے بازی کی۔شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کی طرف سے لاک ڈاؤن، غاصبانہ قبضہ کی شدید مذمت کی۔ اس موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے مطلوم عوام کئی دہائیوں سے بھارتی جبر و مظالم کا شکار ہیں، دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی حمایت جاری رکھیں گے، 6 سال پہلے آج کے دن مودی حکومت نے کشمیر کی خصوصی حیثیت کا خاتمہ کرکے ظلم کی ایک نئی داستان رقم کی۔انہوں نے کہاکہ عالمی انسانی حقوق کے ادارے کشمیری عوام پر جاری مظالم کا نوٹس لیں، گورنرنے واضح کیاکہ ہمیشہ سے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزیاں جاری ہیں جو انسانی حقوق کے اداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہیں۔انہوں نے کہاکہ عالمی مسئلہ کشمیر کے حل کئے بغیر خطہ میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔