وومن یونیورسٹی صوابی اور عبدالولی خان یونیورسٹی کے سینیٹ اجلاس، تعلیمی بہتری و سولرائزیشن کے منصوبوں کی منظوری

یبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز مینا خان آفریدی کی زیر صدارت وومن یونیورسٹی صوابی سینٹ اجلاس ہائیرایجوکیشن سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلر وومن یونیورسٹی صوابی پروفیسر ڈاکٹر غزالہ یاسمین، محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان، محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا اور جامعہ کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔اجلاس کا مقصد یونیورسٹی کو درپیش انتظامی، مالی و تعلیمی امور کا جائزہ لینا اور ان کے مؤثر حل کے لیے حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ اجلاس میں یونیورسٹی کی موجودہ کارکردگی، بجٹ امور، اساتذہ کی تعیناتی، طلبہ کی فلاح و بہبود اور دیگر کلیدی معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لئے 649.531 ملین روپے سرپلس بجٹ کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے وومن یونیورسٹی صوابی کو ایک مثالی تعلیمی ادارہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کی اعلیٰ تعلیم حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اور اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ جامعہ کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس ضمن میں باہمی روابط اور تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے۔بعد ازاں، خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم، آرکائیوز و لائبریریز مینا خان آفریدی کی زیر صدارت عبدالولی خان یونیورسٹی مردان سینیٹ اجلاس ہائیر ایجوکیشن سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وائس چانسلرعبدالولی خان یونیورسٹی مردان ڈاکٹر جمیل خان، محکمہ اعلی تعلیم خیبرپختونخوا، ہائیر ایجوکیشن کمیشن اور محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا سمیت جامعہ کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ جامعہ عبدالولی خان کے حکام نے وزیر برائے اعلی تعلیم کو جامعہ کی سولرائزیشن، آن لائن ایجوکیشن، ڈیجیٹل ٹرانسفرمیشن، تحقیقی سرگرمیوں کی وسعت، کمرشلائزیشن سمیت دیگر امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر برائے اعلی تعلیم مینا خان آفریدی نے جامعہ عبدالولی خان کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ علاقائی سطح پر تعلیم کے میدان جامعہ نے اپنا نام منوایا ہے جس کو مزید بھی بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جون 2026 کے آخر تک جامعہ کی مکمل سولرائزیشن، ای آفس انوائرنمنٹ اور جامعہ میں طلبہ کی انرولمنٹ میں بہتری کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں مالی سال 2025-26 کے لئے سالانہ اخراجات کی منظوری دی گئی۔

مزید پڑھیں