وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور نئی مہارتوں کی تربیت فراہم کر رہی ہے تاکہ وہ ملکی و بین الاقوامی سطح پر اپنا لوہا منوا سکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہری پور میں منعقدہ میٹرکس پاکستان یوتھ سمٹ (ساتواں ایڈیشن) میں بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں بڑی تعداد میں نوجوانوں، آئی ٹی ماہرین، ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپس کے نمائندوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سِٹیزن فسیلیٹیشن سینٹرز، ڈیجیٹل کنیکٹس اور آئی ٹی پارکس نوجوانوں کو روزگار، تربیت اور کاروباری مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہری پور ڈیجیٹل سٹی جلد مکمل ہوگی، جو مقامی اور ملکی سطح پر آئی ٹی انڈسٹری کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کے لیے اسکل ڈویلپمنٹ پروگرامز، اسٹارٹ اپ سپورٹ اسکیمز، ای لرننگ پلیٹ فارمز اور ڈیجیٹل اکانومی سے متعلق منصوبوں پر تیزی سے عمل کر رہی ہے، تاکہ خیبرپختونخوا کو ڈیجیٹل ہب بنایا جا سکے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے تقریب کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ جدید آئی ٹی اسکلز سیکھنے میں دلچسپی لیں اور ٹیکنالوجی کو مثبت مقاصد کے لیے استعمال کریں، کیونکہ یہی آنے والے وقت کی سب سے بڑی طاقت ہے۔