سوات میں یتیم بچوں اور بیواؤں میں روشن مستقبل و سہارا کارڈز کی تقسیم، ماہانہ مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان نے صوبائی حکومت کی جانب سے یتیم بچوں اور بیواؤں میں روشن مستقبل اور سہارا کارڈز تقسیم کیے۔ اس موقع پر ضلعی عشر و زکوٰۃ کمیٹی کے چیئرمین ملک آصف علی شہزاد، پی ٹی آئی مینگورہ سٹی صدر و چیئرمین حیدرعلی، پارٹی کارکنان و عہدیداران، مختلف ویلج کونسلوں کے چیئرمین اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔حلقہ پی کے-6 کے لیے مرحلہ وار 160 یتیم بچوں میں روشن مستقبل کارڈز اور 120 بیواؤں میں سہارا کارڈز تقسیم کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں انصاف ہاؤس سوات میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیر نے 25 یتیم بچوں میں روشن مستقبل کارڈز اور 15 بیواؤں میں سہارا کارڈز تقسیم کیے۔ ان کارڈز کے تحت مستحقین کو ماہانہ دس ہزار روپے فراہم کیے جائیں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فضل حکیم خان نے کہا کہ یہ کارڈز نہ صرف مالی امداد کا ذریعہ ہیں بلکہ صوبائی حکومت کے عوامی خدمت کے جذبے کی علامت بھی ہیں، ہماری خواہش ہے کہ صوبے کا کوئی فرد بنیادی سہولیات سے محروم نہ رہے۔ روشن مستقبل اور سہارا کارڈز کا مقصد معاشرے کے کمزور طبقے کو مالی تحفظ فراہم کرنا ہے تاکہ وہ روزمرہ ضروریات زندگی کے مسائل سے بہتر طور پر نمٹ سکیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت قائد عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کے عوام دوست اقدامات کے تحت اس قسم کے فلاحی پروگرامز کو مزید وسعت دے گی تاکہ ہر مستحق فرد تک یہ سہولت پہنچ سکے۔ واضح رہے کہ یہ اقدام حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے فلاحی ریاست کے قیام کی سمت ایک مثبت قدم ہے جسے عوامی حلقوں میں خوب سراہا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں