خیبرپختونخوا میں عوامی مقامات پر فری وائی فائی منصوبہ، پشاور سے پائلٹ سروس کا آغاز ہوگا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صدارت خیبرپختونخوا کے عوامی مقامات پر فری وائی فائی کی فراہمی کے لیے اجلاس کا انعقاد
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈا پور کی ہدایت اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے ڈیجیٹل خیبرپختونخوا کے وژن کے تحت، معاونِ خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت عوام کو ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے تحت خیبرپختونخوا کے تمام عوامی مقامات خاص کر جنرل بس سٹینڈ، بازار، عوامی پارکس اور دیگر اہم جگہوں پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اس حوالے سے انہوں نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں دوسروں کے علاوہ ڈی جی سائنس و ٹیکنالوجی بھی موجود تھے۔ اجلاس میں منصوبے کی تفصیلات اور عملدرآمد پر غور کیا گیا۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں بطور پائلٹ پروجیکٹ پشاور میں فری وائی فائی سروس شروع کی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں سرکاری دفاتر یا سرکاری ادارے موجود ہیں، وہاں حکومت یہ سہولت براہِ راست فراہم نہیں کرے گی بلکہ متعلقہ ادارے اپنے فنڈز سے یہ سہولت مہیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر کسی ہسپتال میں یہ سہولت درکار ہو تو ہسپتال اپنی فنڈنگ سے عوام کو فری وائی فائی فراہم کرے گا، جبکہ دیگر عوامی مقامات پر حکومت اپنی سطح پر یہ سروس فراہم کرے گی۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف عوام کو انٹرنیٹ تک آسان رسائی فراہم کرے گا بلکہ ڈیجیٹل معیشت، تعلیم، صحت اور عوامی آگاہی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ اس منصوبے کی بروقت اور شفاف تکمیل کے لیے قریبی رابطہ رکھیں، تاکہ چیئرمین عمران خان کے وژن اور وزیراعلیٰ علی امین خان گنڈا پور کی قیادت میں خیبرپختونخوا ڈیجیٹل ترقی کی راہ میں ایک نئی مثال قائم کر سکے۔

مزید پڑھیں