وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا پیفٹیک کا افتتاح، صوبہ دہشتگردی کے تدارک کے لیے نیا انٹیلیجنس سسٹم متعارف کرانے والا پہلا صوبہ بن گیا

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے منگل کے روز محکمہ داخلہ کا دورہ کیا اور محکمہ میں نو قائم شدہ پراونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹر ( پیفٹیک ) کا افتتاح کیا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ محمد عابد مجید کی جانب سے وزیر اعلیٰ کو نو قائم شدہ پیفٹیک بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا پیفٹیک قائم کرنے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔ پراونشل انٹیلیجنس فیوژن اینڈ تھریٹ اسسمنٹ سنٹر 210 ملین روپے کی لاگت سے 2 ماہ کے قلیل عرصے میں قائم کیا گیا ہے۔ نو قائم شدہ پیفٹیک وفاقی سطح پر قائم نیفٹیک کے ساتھ منسلک ہے۔ مزید بتایا گیا کہ یہ ملک میں دہشتگردی کی سرگرمیوں کے تدارک اور ملک بھر سے انٹیلیجنس شئیرنگ اینڈ اسسمنٹ کا ڈیجیٹل اور اینٹگریٹڈ نظام ہے۔ اس سسٹم کے تحت وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتوں کو انٹگریٹ کیا گیا ہے۔ پفٹیک کے ذریعے دیگر صوبوں اور وفاق سے تھریٹ سے متعلق انٹیلیجنس اور ڈیٹا شیئرنگ کا یکساں نظام قائم کیا رہا ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پفٹیک میں ایف آئی اے، نادرا، پی ٹی اے، اینٹلجنس اداروں سمیت 14 مختلف متعلقہ اداروں کو ایک یکساں سسٹم کے تحت یکجا کیا گیا ہے۔ اس کے علاو¿ہ صوبے کے 36 اضلاع کی ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹیز پفٹیک کے ساتھ براہ راست منسلک ہونگی۔ پیفٹیک کے ذریعے ملک بھر میں رئیل ٹائم اینٹیلجنس شیئرنگ ممکن ہوگی جبکہ اس سسٹم کی مدد سے دہشتگری کی سرگرمیوں کے خلاف یکساں، موثر، بروقت اور منظم کاروائیاں عمل میں لائی جائیں گی اور اس جدید نظام سے انٹیلیجنس اداروں کی استعداد کار کو بڑھانے میں مدد ملے گی۔ وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی سطح پر پیفٹیک کا قیام دہشتگردی کے موثر تدارک کے لئے ایک اہم اقدام ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ ایک قومی ایجنڈا ہے اس میں حکومت،  عوام اور اداروں سمیت سب کو ایک پیچ پر ہونا ہے۔ دہشتگردی سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے ایک ہمہ جہت سسٹم کا ہونا نا گزیر ہے، امید ہے دہشت گردی کی سرگرمیوں سے متعلق بروقت انٹیلیجنس اور ان کے تدارک میں پیفٹیک اہم کردار ادا کرے گا۔

مزید پڑھیں