وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا بونیر کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے اتوار کے روز ضلع بونیر کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں پیر بابا اور بشونئی کا دورہ کیا اور وہاں پر ہونے والی نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین ، ایم این اے بیرسٹر گوہر ، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی، سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور شہداء کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ سیلاب سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا،صوبائی حکومت متاثرہ لوگوں کے غم میں برابر کی شریک ہے، اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا کوئی بھی نعم البدل نہیں تاہم حکومت متاثرین کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور انکی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔ وزیر اعلی نے یقین دلایا کہ اس قدرتی آفت میں جس کا جو بھی نقصان ہوا ہے صوبائی حکومت اسکا بھرپور ازالہ کرے گی،بحیثیت وزیر اعلیٰ یقین دلاتا ہوں، جو بھی مالی نقصان ہوا ہے اسے پورا کیا جائے گا، ضلع میں متاثرہ تمام سرکاری انفراسٹرکچرز کو فوری بحال کیا جائے گا، فی الحال ریسکیو اور ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں ، اگلے مرحلے میں نقصانات کا سروے جلد مکمل کرکے بحالی اور معاوضوں کی ادائیگیوں کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ ہر متاثرہ شخص کے نقصانات کا سو فیصد کا ازالہ کیا جائے گا اور کوئی بھی متاثرہ شخص محروم نہیں رہے گا۔

مزید پڑھیں