صوبائی کابینہ کا 37 واں اجلاس وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی صدارت میں پشاور میں ہوا۔ اجلاس میں حالیہ سیلابی صورتحال اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں صحت مراکز کو فوری فعال کر کے ادویات فراہم کی جائیں، موبائل ہسپتالوں کی دستیابی یقینی بنائی جائے، صفائی مہم شروع کی جائے اور پانی کے ٹیوب ویلز و رابطہ سڑکوں کی فوری بحالی کی جائے۔ کابینہ نے شہداء کے لواحقین کو 20 لاکھ، زخمیوں کو 5 لاکھ روپے امداد، متاثرہ خاندانوں کو فوڈ اسٹامپ اسکیم کے تحت فی خاندان 15 ہزار روپے دینے کی منظوری دی۔ اسی طرح تباہ شدہ گھروں کی دوبارہ تعمیر، مال مویشی اور کاروبار کے نقصانات کا بھی ازالہ کیا جائے گا۔ صوبائی حکومت نے سیلاب متاثرین کے لیے پانچ ارب روپے جاری کر دیے ہیں جبکہ مخیر حضرات کی امداد شفافیت کے ساتھ تقسیم کرنے کے لیے خصوصی اکاؤنٹ بھی قائم کیا گیا ہے۔ اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ کوئی بھی متاثرہ شخص امداد سے محروم نہیں رہے گا اور حکومت متاثرین کو مکمل طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔