خیبرپختونخوا میں ترجیحی منصوبوں کے لیے 20 ارب روپے مختص، وزیراعلیٰ کی بروقت تکمیل پر زور

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت  بدھ کے روز ترجیحی ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اجلاس وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقد ہوا جس میں صحت ، تعلیم، آبنوشی، مواصلات، آبپاشی، ریلیف اور دیگر شعبہ جات کے رواں مالی سال کے دوران مکمل کرنے کے لئے پبلک سروس ڈیلیوری کے اہم منصوبوں کی نشاندھی کی گئی جبکہ صوبائی کابینہ نے ان ترجیحی اور تکمیل کے قریب منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے اضافی 20 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ چیف سیکرٹری  شہاب علی شاہ ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری پلاننگ و ڈویلپمنٹ اکرام اللہ خان کے علاوہ  متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترجیحی ترقیاتی منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز مختص کرنے کا مقصد ان کو جلد مکمل کرکے فعال بنانا ہے، یہ عوامی خدمات کی فراہمی کے فوری نوعیت کے منصوبے ہیں اور ان کی بروقت تکمیل اہم ترجیح ہے تاکہ لوگوں کو سروس ڈیلیوری بلاتاخیر شروع ہو۔ گذشتہ سال کے آخری تین ماہ میں تکمیل کے قریب منصوبوں کو جو اضافی فندنگ ہوئی ہے اس کے خاطر خواہ نتائج سامنے آئے ہیں،رواں سال ابتداءہی سے اس فارمولہ کہ تحت فنڈز ریلیز ہونگے تاکہ تکمیل کے قریب منصوبے رواں سال ہی مکمل ہو جائیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت تکمیل کے قریب منصوبوں کو فوری طور پر مکمل کرنا چاہتی ہے تاکہ سروس ڈیلیوری میں تاخیرنہ ہو۔ ترقیاتی منصوبوں کے لیے مختص فنڈز کا دانشمندانہ استعمال اور ترقیاتی فنڈز کے استعمال میں ترجیحات کا تعین انتہائی اہم ہے،جن جن منصوبوں پر 80 فیصد کام ہو چکا ہے، انہیں بھرپور فنڈنگ کر کے جلد مکمل کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں کے لیے جو 20 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں انہیں جلد از جلد ریلیز کیا جائے اور کہا کہ متعلقہ انتظامی سیکرٹریز خود ان منصوبوں پر پیشرفت کی نگرانی کریں تاکہ ان کی بروقت تکمیل یقینی ہو۔

مزید پڑھیں