وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی خصوصی ہدایات پر پختونخوا حکومت کی جانب سے افغانستان کے زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سامان روانہ کردیا گیا۔ منگل کے روز وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے ریلیف نیک محمد خان، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ اور دیگر حکام نے 35 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان پشاور میں تعینات افغان قونصل جنرل حافظ محب اللہ شاکر کے حوالے کردیا۔ امدادی سامان میں 500 ونٹرائز ٹینٹس، 500 فیملی سائز ٹینٹس، 1000 ترپال، 1500 گدے، 3000 تکیے، 1500 رضائیاں اور 500 کمبل شامل شامل ہیں۔ امدادی سامان میں دو ٹرکوں پر مشتمل ضروری ادویات بھی شامل ہیں۔ یہ سامان زلزلہ متاثرہ خاندانوں کی فوری ضروریات پوری کرنے اور انہیں موسم کی سختیوں سے بچانے کے لیے فراہم کیا گیا ہے۔ اس موقع پر حکام نے صوبائی حکومت کی طرف سے افغانستان میں زلزلے سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ افغان قونصل جنرل محب اللہ شاکر نے امدادی سامان کی فراہمی پر افغان حکومت کی طرف سے حکومتِ خیبر پختونخوا خصوصا وزیر اعلی علی امین گنڈاپور کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔
اس سلسلے میں اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام اپنے افعان بہن بھائیوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں اپنے متاثرہ خاندانوں اور افغان حکومت کی ہر ممکن مدد کرے گی۔