وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاونِ خصوصی برائے سائنس و انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایاز نے بونیر میں امبریلا ہیلتھ اینڈ ایجوکیشن سسٹم کے زیرِ اہتمام نور نرسنگ کالج کی گریجویشن تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر کالج کے اساتذہ، طلبہ و طالبات، والدین اور مقامی عمائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور مہمانِ خصوصی کا پرتپاک استقبال کیا۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے اپنی تقریر میں کہا کہ چیئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈا پور کے وژن کے مطابق صوبائی حکومت تعلیم، صحت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل اس ملک کا اصل سرمایہ ہے اور اس کو تعلیم، ہنر اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ یہ نسل ملکی ترقی اور عالمی سطح پر نمایاں کردار ادا کرسکے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے کسی بھی معاشرے کی ترقی کی بنیاد ہیں، اسی لیے خیبر پختونخوا حکومت دونوں شعبوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے ذریعے تعلیم اور صحت کو مضبوط بنانے کے لیے کئی نئے منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں جن کے مثبت نتائج جلد عوام کے سامنے آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں“خیبر پاس ڈیجیٹل آئی ڈی سسٹم”متعارف کرا دیا گیا ہے جو ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس نظام کے ذریعے عوام کو سرکاری سہولتوں تک شفاف، آسان اور جدید انداز میں رسائی حاصل ہوگی۔ اسی طرح صوبے کے تمام اضلاع میں سِٹیزن فسیلیٹیشن سینٹرز (CFCs) قائم کیے جا رہے ہیں جہاں شہریوں کو ایک ہی چھت تلے مختلف سرکاری خدمات کی فراہمی ممکن ہوگی۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ صوبائی حکومت عوامی سہولت کے لیے بہت جلد پبلک پلیسز میں فری وائی فائی زونز قائم کرنے جا رہی ہے تاکہ نوجوان اور طلبہ جدید ڈیجیٹل دنیا سے براہِ راست مستفید ہو سکیں۔ طلبہ کے لیے ای-بستہ (E-Basta) پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے جس سے کتابوں کا بوجھ کم ہوگا اور جدید ایجوکیشن سسٹم فروغ پائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ ای-رکشہ (E-Riksha) منصوبہ بھی شروع کیا جا رہا ہے جس کے تحت نوجوانوں کو جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے ذریعے روزگار کے نئے مواقع میسر آئیں گے۔ڈاکٹر شفقت ایاز نے کہا کہ یہ تمام اقدامات خیبر پختونخوا کو ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کی جانب ایک بڑا قدم ہیں۔ ان منصوبوں سے نہ صرف نوجوانوں کے لیے تعلیم اور ہنر کے نئے دروازے کھلیں گے بلکہ عوامی سہولت اور شفاف طرزِ حکمرانی کو بھی تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں صوبہ تیزی سے جدید ٹیکنالوجی کے دور میں داخل ہو رہا ہے اور خیبر پختونخوا کو ایک رول ماڈل صوبہ بنایا جا رہا ہے۔بعد ازاں ڈاکٹر شفقت ایاز نے نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات میں شیلڈز اور یادگاری اسناد تقسیم کیں، ان کی کامیابی پر مبارکباد دی اور کہا کہ وہ عملی زندگی میں اپنے علم اور ہنر کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائیں۔