دو روزہ انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو خیبرپختونخوا 2025 کا آغاز بدھ کے روز پشاور میں کیا گیا

تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو خیبرپختونخوا 2025 کا آغاز بدھ کے روز پشاور میں کیا گیا۔ سیکرٹری محکمہ لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیوز محمد طاہر اورکزئی نے اس دو روزہ ایکسپو کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کرافتتاح کیا۔ اس موقع پر، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ایکسٹینشن ڈاکٹر اصل خان، ڈائریکٹر جنرل لائیو سٹاک ریسرچ اعجاز علی، ڈائریکٹر جنرل فشریز محمد شفیع مروت لائیو سٹاک ویلفئر ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر آصف اعوان، پولٹری ایسو سی ایشن کے صوبائی صدر راج ولی مہمند اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔اس ایکسپو کا انعقاد حکومت خیبر پختونخوا، لائیو سٹاک سیکٹر اور لائیو سٹاک اینڈ پولٹری ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تعاون سے کیا گیا ہے جس کا مقصد لائیو سٹاک، پولٹری اور فشریز کے شعبوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا، سر مایہ کاری کو فروغ دینااور مویشی پال کسانوں کو عالمی معیار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔افتتاح کے بعد چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے لائیو سٹاک شیر علی آفریدی اور سیکرٹری محکمہ لائیو سٹاک محمد طاہر اورکزئی نے تیسری انٹرنیشنل لائیو سٹاک، پولٹری اینڈ فشریز ایکسپو خیبرپختونخوا 2025 میں لگائے گئے مختلف سٹالوں کا معائنہ کیا اور ان میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔انہوں نے اس موقع پر میڈیا سے بھی گفتگو کی اورکہا کہ یہ ایکسپو خیبرپختونخوا کے لائیو سٹاک، پولٹری اور فشریزکے شعبوں کے لیے ایک انقلابی اقدام ہے، جو نہ صرف مقامی معیشت کو مضبوط بنائے گا بلکہ اس سے عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے نئے دروازے بھی کھلیں گے۔تیسری انٹرنیشنل ایکسپو 2025 نہ صرف خیبر پختونخوا بلکہ پاکستان کی لائیو سٹاک اور ایگریکلچر انڈسٹری کے لیے مثبت اقدام ہے، جو مقامی معیشت کے فروغ، سرمایہ کاری کے لئے مواقع پیدا کرنے اور خطے کو عالمی سطح پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ایکسپو میں پہلے روز سرمایہ کار، کسان اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس بین الاقوامی کمپنیاں شریک ہوئیں جبکہ مختلف سٹالوں پر سرکاری و نجی اداروں، بین الاقوامی تنظیموں اور مقامی کمپنیوں کے نمائندوں نے کسانوں اور صنعت کاروں کی بھرپور رہنمائی کی اور جدید ریسرچ اور نئی ٹیکنالوجی کے ماڈلز بھی پیش کیے، تاکہ کسانوں کو عالمی سطح کی معلومات سے آگہی دلانے کے ساتھ درپیش مسائل کا عملی حل فراہم کیا جا سکے۔

مزید پڑھیں