خیبر پختونخوا کابینہ کا 9واں اجلاس جمعرات کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈا پور کی صدارت میں پشاور میں منعقد ہوا جس میں صوبائی وزراء مشیروں اور معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریز نے شرکت کی۔صوبائی کابینہ نے 9 مئی کے واقعات کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظوری دی۔کابینہ نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے حوالے سے صوبائی اسمبلی کی گیارہویں قرارداد کو وفاقی حکومت کو باضابطہ طور پر ارسال کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے ایرانی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے وفاقی حکومت کو صوبائی اسمبلی کی پندرہویں قرارداد باضابطہ طور پر ارسال کرنے کی بھی منظوری دی، مذکورہ قرار دادمیں ہیلی کاپٹر حادثے کے نتیجے میں ایرانی صدر اور دیگر معززین کے جاں بحق ہونے پرایرانی عوام اور حکومت کے ساتھ تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔کابینہ نے خیبر پختونخوا زکواۃ و عشر ایکٹ 2011 میں ضروری ترامیم کی منظوری دے دی تاکہ فلاحی تعاون فنڈ قائم کیا جا سکے۔ جس میں ابتدائی عطیات کے طور پر، صوبائی کابینہ کے اراکین ایک ماہ کی تنخواہ دیں گے۔ اسی طرح،زکوٰۃو عشر کونسل، ضلعی زکوٰۃکمیٹیوں، مقامی زکوٰۃکمیٹیوں اور صوبائی و ضلعی سطح پر جانچ کمیٹی کی تشکیل کے لیے بھی ضروری ترامیم کی جائیں گی۔ ان ترامیم کے ذریعے محکمہ،زکوٰۃو عشر کی تقسیم کے مؤثر انتظام کو یقینی بنانے کے لیے زکوٰۃ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم قائم کر سکے گا۔صوبائی کابینہ نے اسلام آباد اور ایبٹ آباد میں خیبر پختونخوا ہاؤسز اور پشاور میں شاہی مہمان خانہ کے کمروں کے کرایوں میں 100% اضافے کی منظوری دی۔کابینہ نے 53 کلومیٹر ‘بورڈ یختنگی-پورن-مارتونگ سڑک اور 18 کلو میٹر کالام-اتروڑ گبرال سڑک کو صوبائی اختیار میں لانے کی منظوری دی۔صوبائی کابینہ نے خیبر پختونخوا پولیس کے لئے جنوبی اضلاع میں 565 پوسٹوں کی تخلیق کی منظوری دی ہے۔یہ فیصلہ صوبہ خاص طور پرضم اضلاع میں امن و امان کی بہتری کے لئے پولیس کو مستحکم کرنے کی پالیسی کے تحت کیا گیا۔کابینہ نے پشاور، سوات، اور ایبٹ آباد کی طرز پر دیگر ڈیویژنل ہیڈ کوارٹر میں ٹریفک وارڈن نظام متعارف کرنے کی منظوری دی ہے۔ ہوم ڈیپارٹمنٹ نے خیبر پختونخوا پولیس ڈیپارٹمنٹ (ریسرچ اینڈ انالیسس ونگ) سروس رولز، 20214 آخری ترمیم شدہ 2022 میں، خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ، 2017 کے سیکشن 140 کے تحت ترمیم کی تجویز پیش کی جس سے متفق ہوتے ہوئے، صوبائی کابینہ نے مسودہ نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی۔ مذکورہ ترمیم کا مقصد ری-ڈیزیگنیٹڈ پوسٹوں کے سروس معاملات کو منظم کرنے اور ان پوسٹوں پر تقرریاں کرنے اور ابتدائی فورینزک لیبارٹری (IFL) کے سیٹ اپ کو فعال بنانا ہے۔