محکمہ صحت خیبرپختونخوا میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے آج مشیر صحت خیبرپختونخوا، احتشام علی کی زیر صدارت ماہانہ ڈی ایچ او کانفرنس بلایا گیا ہے۔ کانفرنس میں سیکرٹری صحت عدیل شاہ، ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر محمد سلیم، اے ڈی جیز، آر ڈی جیز، تمام ڈی ایچ اوز اور پروگرام ڈائریکٹرز شرکت کرینگے۔کانفرنس کا بنیادی مقصد تمام ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران (ڈی ایچ اوز) کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینا ہے۔ اس موقع پر مشیر صحت احتشام علی نے واضح کیا کہ محکمہ صحت میں اب سزا و جزا کا وقت آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک جس کی کارکردگی جیسے بھی رہی ہو، لیکن آگے جس کی کارکردگی خراب ہوگی، اس کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔مشیر صحت نے مزید کہا کہ کانفرنس کے دوران تمام ڈی ایچ اوز کی ویکسینیشن، ادویات کی فراہمی، او پی ڈی، طبی آلات کی فعالیت، ذیلی عملے کی کارکردگی، اور اچانک دوروں کے نتائج جیسے اہم معیارات پر کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا“آج پتہ چل جائے گا کہ کون محنت سے کام کر رہا ہے اور کون سیاسی اثر و رسوخ کے ذریعے عہدے پر موجود ہے۔ خراب کارکردگی والے افسران کو مزید برداشت نہیں کیا جائے گا۔”مشیر صحت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پرائمری ہیلتھ کیئر میں بہتری کے بغیر محکمہ صحت کے نظام کو مؤثر نہیں بنایا جا سکتا ان کے مطابق تمام افسران کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کرنا ہوگی، ورنہ ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔یہ کانفرنس محکمہ صحت میں اصلاحات اور عوام کو بہتر سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا ایک اہم حصہ ہے۔ مشیر صحت نے واضح کیا کہ صحت کے نظام میں شفافیت اور کارکردگی کی بنیاد پر فیصلے کیے جائیں گے، اور کسی بھی قسم کی نااہلی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔