چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت رمضان المبارک کی تیاریوں کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم اینڈ ٹرائبل افیئرز عابد مجید، سیکرٹری خوراک، سیکرٹری سماجی بہبود، سیکرٹری صنعت، سیکرٹری بلدیات اور پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (PMRU) کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں رمضان المبارک کے دوران عوامی سہولت کے لیے مارکیٹ کے نظم و نسق، قیمتوں کے تعین، نگرانی کے نظام، اشیائے خورد و نوش کے معیار کی جانچ، ذخیرہ اندوزی کی روک تھام، مارکیٹ کا تجزیہ، صفائی و ستھرائی، ٹریفک کنٹرول، اور عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک مؤثر میکانزم پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تاجروں، مارکیٹ ایسوسی ایشنز اور صارفین کے نمائندوں کو قیمتوں کے تعین کے عمل میں شامل کیا جائے گا تاکہ منصفانہ نرخ مقرر کیے جا سکیں۔ مقررہ نرخوں کو سوشل میڈیا، ایف ایم ریڈیو، پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے تشہیر کیا جائے گا جبکہ قیمتوں کو پرفارمنس مینجمنٹ سسٹم (IPMS) میں بھی اپ لوڈ کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ تمام اضلاع میں ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں کم از کم ایک پرائس مانیٹرنگ ڈیسک قائم کیا جائے گا، جبکہ ضلعی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ان ڈیسکوں پر عوامی شکایات وصول اور فوری ازالے کے اقدامات کیے جائیں گے۔ عوام کو معیاری دودھ اور اشیائے خورد و نوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تفصیلی میکانزم تشکیل دیا جائے گا۔ حلال فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں سحری اور افطاری کی اشیاء کے معیار کی جانچ کریں گی جبکہ دودھ میں ملاوٹ کی جانچ کے لیے چیک پوائنٹس قائم کی جائیں گی۔ مزید برآں، ویٹس اینڈ میئرز انسپکٹوریٹ کے ساتھ مربوط اقدامات کیے جائیں گے تاکہ معیار اور وزن کے اصولوں پر سختی سے عمل درآمد ہو۔ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام کے لیے گوداموں اور ذخیرہ کرنے والی جگہوں کی مانیٹرنگ کی جائیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح، مارکیٹ میں کسی بھی ممکنہ قلت سے بچنے کے لیے ہفتہ وار بنیادوں پر اشیائے خورد و نوش کے ذخائر اور سپلائی چین کا جائزہ لیا جائے گا۔ صفائی و ستھرائی کے لیے رمضان المبارک سے ایک ہفتہ قبل سے ہی خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو بازاروں میں صفائی کے انتظامات کو یقینی بنائیں گی، خاص طور پر افطار سے قبل کے اوقات میں۔رمضان کے دوران ٹریفک کے بہتر انتظام کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو بالخصوص افطار سے قبل رش والے علاقوں میں ٹریفک کی روانی کو یقینی بنائیں گی۔ عارضی پارکنگ کا بندوبست کیا جائے گا جبکہ عوامی سہولت کے لیے اضافی عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ وہ رمضان المبارک کے دوران ان اقدامات کو بروقت اور مؤثر انداز میں نافذ کریں اور عوامی سہولت کو اولین ترجیح دی جائے۔ انہوں نے تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی تعاون پر زور دیتے ہوئے مارکیٹ کے نظم و نسق کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے لیے خصوصی ڈیوٹی روسٹر جاری کیا جائے جس میں تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، خوراک، زراعت، بلدیات، صنعت اور فوڈ اتھارٹی کے افسران کی فعال موجودگی رمضان المبارک میں گورننس کے مؤثر اقدامات کے لیے نہایت ضروری ہے۔ مزید برآں، چیف سیکرٹری نے پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ (PMRU) کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے ایک مؤثر نظام متحرک کیا جائے، جس میں موبائل ایپلی کیشنز کے ذریعے شکایات کے اندراج کی سہولت فراہم کی جائے۔ تمام اضلاع میں کنٹرول رومز قائم کیے جائیں جن میں پی ٹی سی ایل اور واٹس ایپ نمبر مختص کیے جائیں تاکہ عوام اپنی شکایات آسانی سے درج کروا سکیں۔ اسی طرح، پرائس مانیٹرنگ کیمپس/ڈیسک اور فیلڈ میں موجود مانیٹرنگ ٹیموں کے ذریعے بھی عوامی شکایات وصول کرنے اور ان کے ازالے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔