مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی سے نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ (NCRC) کی چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں سپیشل سیکرٹری ہیلتھ پولیو عبدالباسط، ایڈیشنل سیکرٹری ہیلتھ منظور آفریدی، ڈائریکٹر ای پی آئی ڈاکٹر اصغر خان، ڈائریکٹر ایم سی ایچ ڈاکٹر خضر حیات، نادیہ بی بی ممبر خیبرپختونخوا نیشنل کمیشن آن رائٹس آف چائلڈ، اور پروگرام آفیسر ماہم آفریدی بھی شریک تھے۔ملاقات میں بچوں کی پیدائش کی رجسٹریشن، کرم میں ادویات کی فراہمی کی صورتحال، جنوبی اضلاع میں ویکسینیشن، اور بگ کیچ اپ کمپین کے دوران آؤٹ ریچ سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر صحت نے چیئرپرسن کو کرم میں ادویات اور صحت کے دیگر معاملات سے آگاہ کیا اور بگ کیچ اپ کمپین کے تحت حاصل ہونے والی کامیابیوں پر بھی روشنی ڈالی۔چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق نے مشیر صحت کو پیدائش کی رجسٹریشن کے قوانین کی باقاعدہ منظوری کے لیے سفارشات پیش کیں اور صحت کے مربوط نظام اور ڈیٹا انٹیگریشن ماڈل کی توثیق پر زور دیا۔ مشیر صحت نے اس موقع پر کرم میں ادویات کی مبینہ قلت اور بچوں کی اموات سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی غیر مصدقہ خبروں کی وضاحت کی اور حکومتی اقدامات سے چیئرپرسن کو آگاہ کیا۔پولیو ویکسینیشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مشیر صحت نے بتایا کہ جنوبی اضلاع میں ویکسینیشن کو مزید بہتر بنانے کے لیے حکمت عملی میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈونرز کو حکمت عملی کا تعین کرنے کے بجائے فنڈز فراہم کرنے چاہئیں، جبکہ صوبائی حکومت خود طے کرے گی کہ کام کہاں اور کیسے کرنا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پولیو پروگرام میں سٹریٹیجک رد و بدل ناگزیر ہے۔مشیر صحت نے چیئرپرسن عائشہ رضا فاروق اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دفتر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے خیبرپختونخوا میں بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے پر کمیشن کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور محکمانہ روابط کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔