مشیر صحت خیبرپختونخوا احتشام علی کی سربراہی میں ضلع مردان کے لائن ڈیپارٹمنٹس کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی افسران نے اپنی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں ڈی ایچ او مردان ڈاکٹر شعیب، ڈی ای او فی میل ثمینہ غنی، ایم ایس ڈی ایچ کیو ڈاکٹر جاوید سمیت تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران ضلع میں جاری ترقیاتی اسکیموں، بنیادی سہولیات کی فراہمی، اور سروس ڈلیوری کو مزید موثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مشیر صحت احتشام علی نے تمام لائن ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت دی کہ ترقیاتی کاموں میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے گڈ گورننس اور خدمات کی بروقت فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ادارے باہمی روابط مضبوط کریں تاکہ غیر ضروری مسائل سے بچا جا سکے۔مشیر صحت نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکثر دیکھا گیا ہے کہ پہلے سڑک تعمیر کر دی جاتی ہے اور بعد میں گیس یا پبلک ہیلتھ کی پائپ لائن گزاری جاتی ہے، جس سے نئی بنی سڑک متاثر ہوتی ہے۔ اس مسئلے کے حل کے لیے تمام محکمے ایک مربوط حکمت عملی اپنائیں اور منصوبہ بندی کے ساتھ کام کریں۔اجلاس میں مردان میں صاف پانی کی فراہمی، بجلی کی ترسیل، ٹرانسفارمرز کی تنصیب و تجدید، سکولوں میں اضافی کلاس رومز کی تعمیر، سڑکوں کی توسیع، اور مراکز صحت کی بہتری کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مشیر صحت نے محکمہ سماجی بہبود کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران مختلف مقامات پر مفت افطار پروگرامز کا انعقاد کیا جائے تاکہ مستحق افراد کو سہولت فراہم کی جا سکے۔