موسم گرما کی شدت کیساتھ فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری مشروبات کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا

خفیہ اطلاع پر پشاوروصوابی میں کاروائیاں، ہزاروں لیٹرز جعلی و غیر معیاری مشروبات برآمد، بھاری جرمانے عائد

وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کی خصوصی ہدایات پر خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے گرمی کی شدت تیز ہوتے ہی مضر صحت غیر معیاری اور جعلی کولڈ ڈرنکس اور مشروبات کے خلاف گھیرا تنگ کردیا اور گزشتہ روز فوڈ سیفٹی ٹیموں نے پشاور اور صوابی میں غیر معیاری اور جعلی مشروبات کی بڑی کھیپ پکڑلی۔ ترجمان فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم کو خفیہ اطلاع ملتے ہی رات گئے جی ٹی روڈ پر ناکہ بندی کی اور خوردونوش اشیاء کی انسپکشن کے دوران ایک گاڑی سے 1700 لیٹرز جعلی مشروبات برآمد کرکے ضبط کر لیں۔دوسری طرف صوابی فوڈ سیفٹی ٹیم نے بھی مانیری بازار میں ڈسٹری بیوشن یونٹس، ہول سیلرز اور کریانہ اسٹورز کی چیکنگ کی اور ایک ہول سیلر سے 850 لیٹرز غیر معیاری کولڈ ڈرنکس جبکہ دوسرے سیلرسے 540 لیٹرز غیر معیاری جوس پکڑ کر بحق سرکار ضبط کر لیا گیا۔ فوڈ سیفٹی ایکٹ کے تحت مالکان پر بھاری جرمانے عائد کرکے مزید قانونی کاروائی کا آغاز بھی کردیا گیا۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے فوڈ سیفٹی ٹیموں کی کامیاب کارروائیوں کو سراہا اور واضح کیاکہ جعلی مشروبات میں ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ایسے عناصر کا صوبے سے خاتمہ کرکے شہریوں کی صحت کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

مزید پڑھیں