> صوبے کی مالی حالت پہلے سے بہترین پوزیشن میں ہے اس مالی سال کے دوران صرف صحت کارڈ کو 37 ارب روپے جاری کریں گے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم ں ے چائنہ ونڈو سنٹر پشاور کا دورہ کیا اور چائنہ ونڈو سنٹر پشاور کی جانب سے چائنیز لینگویج کورس مکمل کرنے والے طلبہ کے درمیان سرٹیفیکیٹ بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر صدر پشاور پریس کلب ارشد عزیز ملک سمیت متعدد حکام موجود تھے۔ سرٹیفکیٹ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ چائینز زبان دو تہذیبوں،دوقوموں کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے اور ٹیکنالوجی کے اس دور میں غیر ملکی زبانیں سیکھنے کی ضرورت پہلے سے زیادہ اہمیت کی حامل ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزمل اسلم نے کہا کہ چائنہ ونڈو سنٹر پشاور محدود وسائل میں عوام کیلئے بہترین خدمات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے زیادہ 26 فیصد بجلی چائنہ میں پیدا ہوتی ہے جس کا مطلب ہے کہ دنیا کی چار میں سے ایک یونٹ بجلی چائنہ پیدا کر رہا ہے اور امریکہ کے بعد چائنہ دنیا کی دوسری بڑی معاشی طاقت ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے نوجوانوں سے حطاب کرتے ہوئے صوبے کی معاشی حالت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نوجوانوں کیلئے 15 ارب روپے کی لاگت سے احساس منصوبے شروع کرے گی جس میں احساس اپنا گھر، احساس ہنر اور احساس نوجوانان پروگرام شامل ہیں۔ مزمل اسلم نے کہا کہ احساس اپنا گھر پروگرام میں اخوت مائیکرو فنانس بینک کے زریعے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے دیں گے اور احساس ہنر پروگرام کے تحت 5 لاکھ تک بلاسود قرضے نوجوانوں کو فراہم کریں گے ان بلاسود قرضے جات سے خیبرپختونخوا کے نوجوان چھوٹے کاروبار شروع کر سکتے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت صحت کارڈ فعالی کے بعد تعلیم کارڈ منصوبہ شروع کر رہی ہے اور صوبے کی مالی حالت پہلے سے بہترین پوزیشن میں ہے۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ پنجاب اور سندھ کے مقابلے میں خیبرپختونخوا حکومت نے نقد رقم سے گندم خریداری کی ہے اور اس سال صحت کارڈ کیلئے تقریباً گیارہ ارب روپے جاری کر چکے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا ہے کہ اس مالی سال کے دوران صرف صحت کارڈ کو 37 ارب روپے جاری کریں گے اور گزشتہ مالی سال کے دوران سو ارب روپے کا سرپلس بجٹ بھی دیا ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کی ویژن اور علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر عوام کی خدمت کیلئے کوشاں ہیں اور بہترین خدمات فراہم کر رہی ہے۔