چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری سے منگل کے روز ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اور بیکرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، حلال فوڈ اتھارٹی، خیبر پختونخوا ریو نیو اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی جبکہ کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ اور بیکرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ہوٹلوں اور بیکریوں سے متعلق کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے ہوٹلوں اور بیکریوں کے مالکان کو درپیش مسائل کو توجہ سے سنتے ہوئے انھیں حل کرنے کے لیے ہر ممکنہ تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہاکہ کاروباری طبقے کو کاروبار کیلئے سازگار ماحول کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت مستحکم معیشت کیلئے سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ ان کاروباروں سے ہزاروں افراد کا روزگار وابستہ ہے۔ چیف سیکرٹری کا کہنا تھا کہ کاروباری حضرات کیلئے آسانیاں پیدا کرنی ہیں اور ا سی طرح ہوٹلوں اوربیکریز کے مالکان اپنے ہوٹلوں اور دیگر عوامی مراکز پر صحت و صفائی اور عوام کے لئے معیاری خوردونوش کی اشیاء کی دستیابی کو یقینی بنائینگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹیکسوں کے معاملات پرکاروباری طبقے کے لیے آسانیاں پیدا کرنے اور حکومتی سطح پر شفافیت کا عنصر برقرار رکھنے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے۔اسی طرح انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کا تاجران کے ساتھ روابط بڑھانے پر بھی زور دیا۔