وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات سہیل آفریدی کی زیر صدارت منگل کے روز محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبر پختونخوا کی کارکردگی اور متعلقہ اداروں کو مزید فعال بنانے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات محمد اسرار خان، ایم ڈی پختونخوا ہائی وے اتھارٹی، ڈائریکٹر لیگل اورڈی ایس ٹیکنیکل سمیت تمام چیف انجینئرز نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری مواصلات و تعمیرات نے اجلاس کو محکمہ کے امور اور اس سے جڑے اداروں کے بارے میں بریفنگ دی۔ اجلاس کے دوران محکمہ کے مستقبل کی حکمت عملی، ترقیاتی منصوبوں تکمیل اور نئی قانون سازی کی ضرورت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور عوامی خدمات کی فراہمی کو زیادہ مؤثر بنانے کے لیے مجوزہ ”سی اینڈ ڈبلیو ایکٹ” بھی زیر غور آیا۔ شرکاء نے اس ایکٹ کے قانونی تقاضوں کو پورا کرنے اور محکمہ کی بہتری کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔اس موقع پرمعاون خصوصی سہیل آفریدی نے تمام متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مجوزہ سی اینڈ ڈبلیو ایکٹ کے مسودہ کو قانونی تقاضوں کے مطابق حتمی شکل دیتے ہوئے ایکٹ کے نفاذ کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبے شفاف اور مؤثر انداز میں مکمل کیے جاسکیں۔ معاون خصوصی نے مزید کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کو عوامی خدمت کے ایک مثالی ادارے کے طور پر پیش کیا جائے اور اس کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔