وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم سے چین کے وفد کی ملاقات

خیبرپختونخوا ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی ٹیوٹا اور چائینیز آرگنائزیشن آئی ٹی ایم سی کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹیکنیکل ایجوکیشن طفیل انجم نے کہا ہے کہ چائینیز آرگنائزیشن اور ٹیوٹا کے مابین تعاون سے صوبہ خیبر پختونخوا میں ٹیکنیکل ایجوکیشن کے فروغ کو تقویت ملے گی اور یہ اقدام فنی تعلیم کی بہتری میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس پارٹنر شپ سے صوبے میں فنی تعلیم کو مکمل طور پر ماڈرن اور ڈیجیٹائز کیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائینیز آرگنائزیشن یونی انٹرنیشنل، آئی ٹی ایم سے اور ٹیوٹا کے مابین مفاہمتی یاداشت پر دستخط کے موقع اور بعد میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری انڈسٹری، منیجنگ ڈائریکٹر ٹیوٹا، ڈائریکٹر اور چائینیز وفد نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے چائینہ پاکستان جوائنٹ ایجوکیشن سسٹم کے تحت فنی تعلیم میں ایک دوسرے کو فیسیلیٹیٹ کیا جائے گا، جس میں نئے کورسز متعارف کئے جائیں گے، موجودہ کورسز کو اپ گریڈ کیا جائے گا جبکہ چائینیز آرگنائزیشن سے سرٹیفیکیشن بھی مہیا کئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اس میں کلچرل ایکسچینج، چائینیز زبان اور دیگر شارٹ کورسز بھی اس پروگرام کا حصہ ہونگے۔ 3 سالہ ڈپلومہ کو ڈیجیٹائز کیا جائے گا جس میں فلم اور ٹیلی ویژن مینجمنٹ،سمال میڈیم انٹرپرائزز اور فایننشل منیجمنٹ بھی شامل کئے جائیں گے۔ واضح رہے کہ خیبرپختونخوا کے انڈسٹری ڈیپارٹمنٹ نے پہلے ہی چائینیز کے تین لیڈنگ ایجوکیشنل آرگنائزیشن سے اس بابت تحریری معاہدے کئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا ہے کہ یہ پارٹنرشپ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن کی ایک کڑی ہے جس کے تحت صوبہ خیبر پختونخوا میں فنی تعلیم کو عالمی معیار کے عین مطابق بنانا ہے اور اپنے نوجوانوں کو ماڈرن ٹریڈز اور ٹولز کے ذریعے فنی تعلیم دینا ہے جو کہ پاک چین پارٹنر شپ کو وسعت اور پائیداری ملے۔ انہوں نے کہا کہ اس مفاہمتی یاداشت سے دونوں پارٹنرز باہمی تعاون سے فنی تعلیم کے فروغ اور ڈیجیٹائز یشن کے لئے ایک دوسرے کا ساتھ دینگے جس سے صوبہ خیبرپختونخوا میں فنی تعلیم کو عالمی تقاضوں کے عین مطابق پروان چڑھایا جائے گا۔

مزید پڑھیں