خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے کہا ہے

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے اعلیٰ تعلیم میناخان آفریدی نے کہا ہے کہ میرا سیاست میں آنے کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ویژن کے مطابق معاشرے کے اندر اصلاحات لانا ہے جو میری زندگی کا مشن بن چکا ہے، پاکستان کو موجودہ مختلف بحرانوں سے نکالنے اور ان پر قابو پانے کے لیے ہر ایک نے اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،پاکستان کے نظام کوٹھیک کرنا اور اس کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے کوئی باہر سے نہیں آئے گا ہم سب نے سوچنا ہوگا اور اپنی ذمہ داریوں کو بطریق احسن نبھانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوموں کے اندر اثاثے گنے جاتے ہیں کسی ملک کے اندر انڈسٹریز کسی کے اندر ٹورزم اور کسی کے اندر کوئی اور اس طرح کے اثاثے پائے جاتے ہیں لیکن پاکستان کا سب سے بڑا اثاثہ نوجوان ہیں ان نوجوانوں کو اگر صحیح طریقے سے استعمال کرسکیں اور انکو بہتر پلیٹ فارم مہیا کرکے انکی رہنمائی کی جاسکے تو پاکستان بہت ترقی کر سکتا ہے، نوجوان کسی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار فرنٹیر لاء کالج پشاور میں ڈگری تقسیم کرنے کے حوالے سے منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں پشاور یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر حزب اللہ خان، کالج پرنسپل جسٹس ریٹائرڈیحییٰ زاہد گیلانی،کالج کے بانی اختر علی خان نحقی، کوآرڈینیٹرلبنیٰ شمشاد خان، سابق امیدوارپشاور میئر رضوان بنگش اور طلبہ نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔صوبائی وزیر نے کالج سے فارغ التحصیل طلبہ میں قانون کی ڈگریاں تقسیم کیں، پوزیشن ہولڈرز کو ٹرافیاں دیں اور ان کو مبارکباد دی۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا جب تک ملک میں قانون و آئین کی بالادستی قائم نہیں ہوتی،آپ لوگ عملی زندگی میں جا رہے ہو آپ کے اوپر بہت ذمہ داریاں ہیں آپ کی تعلیم صرف ڈگری کے حصول تک محدود نہیں بلکہ آگے جاکر پریکٹیکل لائف میں قانون کی بالادستی کو قائم رکھنے اور امیر غریب کے درمیان فرق کو مٹانے میں کردار ادا کرنا ہوگا عملی زندگی میں اس سوچ کے ساتھ قدم رکھیں کہ ہم نے معاشرے کے اندر قانون کی بالادستی اور لوگوں کو سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کو یقینی بناکر ملک کی خدمت کرنی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر انسان میں صلاحیت موجود ہوتی ہے آپ میں بھی ٹیلنٹ ہے اپنے اندر ٹیلنٹ کو باہر لاکراسکو ملک کی ترقی کیلئے بروئے کار لائیں۔

مزید پڑھیں