صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے بنوں امن جرگے میں خطاب

صوبائی وزیر برائے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ پختون یار خان نے بنوں امن جرگے میں خطاب کرتے ہوئے کہاکہ خیبر پختونخوا کی حکومت بنوں ڈویژن میں امن و امان کے قیام اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں ہے،صوبائی حکومت عوام کی بہتری،ترقی وخوشحالی اور امن و امان کی فضا کی بحالی کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ میرا جینا مرنا قوم کے ساتھ ہے، ہم اپنی قوم کو امن کی طرف لے جانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ حاجی ملک محمد اللہ داوڑ،معصوم وزیر و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ اسمبلی کے فلور پر قوم کیلئے امن کی آواز اٹھانے سے پہلے بھی خوفزدہ نہیں تھا اب بھی خوف محسوس نہیں کیا جائے گا، بلاخوف و جھجک اسمبلی کے فلور پر قوم کی نمائندگی و ترجمانی کی جائے گی، بنوں میں پیش آنے والے واقعات پر گہری نظر ہے انہیں افہام و تفہیم کے ساتھ حل کریں گے، فائرنگ کے حادثات میں شہداء اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ مالی تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صوبہ خیبر پختونخوا، خاص کر بنوں ڈویژن میں امن کی بحالی کیلئے مل کر جدوجہد کریں گے، امن ہم سب کا مشترکہ مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ ہم نے قوم کی ترجمانی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے، امن و امان کی فضا نہ ہو تو ترقیاتی کاموں کا کیا فائدہ ہے، پہلا کام امن و امان کے قیام کیلئے تگ ودو کرنا ہے۔صوبائی وزیر پختون یار نے کہا کہ آئیں آج یہ عہد کریں کہ ہم سب نے مل کر اتحاد و اتفاق کی فضاء کو بحال کرنا ہے پھر یہ سرزمین بنوں عرفات کا منظر پیش کرے گی اور ہر طرف سفید جھنڈے لہراتے دکھائی دیں گے۔

مزید پڑھیں