خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو نے بنوں میں گزشتہ روز پیش ہونے والے ناخوشگوار واقعہ کے حوالے جاری تحقیقات کے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کی جانب سے تشکیل کردہ کمیٹی کی تحقیقات جاری ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی جرگہ اس معاملے کو مکمل طور پر حل کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں پشاور سے جاری بیان میں کیا۔ظاہر شاہ طورو نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خیبرپختونخوا کی روایات کا علم نہیں ہے۔ بنوں کے معاملے پر وفاقی وزیر اطلاعات کے بیان کو افسوس ناک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عطاء تارڑ غیر ذمہ دارانہ بیانات دیتے ہیں جو قابل مذمت ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لئے ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی جرمنی میں پاکستانی جھنڈے کی بے حرمتی پر اپنے شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ عمل افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ ظاہر شاہ طورو نے جرمنی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اس واقعہ کا فوری نوٹس لے۔