سٹی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تیرویں کانووکیشن تقریب، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری کی بطور مہمان خصوصی شرکت، تقریب سے خطاب کیا اور فارغ التحصیل طلباء میں گولڈ میڈل تقسیم کئے
سٹی یونیورسٹی آف سائنس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی، پشاور میں تیرویں کانووکیشن تقریبِ منعقد ہوئی جس میں آرکیٹیکچر، سوِل انجینئرنگ، الیکٹریکل انجینئرنگ، کمپیوٹر، انگلش،مینیجمنٹ سائنسز،میڈیکل اور دیگر شعبہ جات کے 1158 فارغ التحصیل طلباء و طالبات میں اسناد تقسیم کی گئیں، تقریب میں 29 طلبہ و طالبات نے اپنے اپنے شعبہ جات میں نمایاں کارکردگی کی بنیاد پر گولڈ میڈلز حاصل کئے۔کانووکیشن تقریب میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی، تقریب سے خطاب کیا اور طلبہ و طالبات میں ڈگریاں اور گولڈ میڈل تقسیم کئے۔چیف سیکرٹری نے فارغ التحصیل طلبہ و طالبات اور والدین کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ فارغ التحصیل طلباء معاشرے میں بھلائی کو عام کریں۔ انہوں نے کہا کہ سٹی یونیورسٹی نے قلیل عرصے میں عمدہ ترقی کی اور اعلٰی تعلیم کے شعبہ میں تحقیق کو مضبوط بنیاد مہیا کرنے میں اہم کردار ادا کررہی ہے. چیف سیکرٹری نے کہا کہ سٹی یونیورسٹی کے معتمد اساتذہ? کرام کی محنت اور کیمپس میں بہترین تعلیمی ماحول قابل ستائش ہے. چیف سیکرٹری نے کہا کہ بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے اور ترقی کا راستہ بہتر تعلیمی ماحول سے ہوکر گزرتا ہے. انہوں نے کہا کہ تحقیق کے شعبے میں مزید کوششوں کی ضرورت ہے جس کے لئے انہوں نے محققین کو صوبائی حکومت کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب سے صدر سٹی یونیورسٹی محمد صبور سیٹھی اور وائس چانسلر انجینئر ڈاکٹر نصراللہ خان نے بھی خطاب کیا۔