خیبر پختونخوا میں ضم اضلاع کے اہلکاروں کو پولیس میں ضم کرنے سے متعلق اہم اجلاس، وزیر قانون کی زیر صدارت تفصیلی مشاورت

خیبر پختونخوا کے وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ کی زیر صدارت منگل کے روزپشاور میں ایک اہم اجلاس کا انعقاد ہوا، جس کا مقصد ضم شدہ اضلاع میں تعینات رسالدار، جمعدار اور دفعدار اہلکاروں کی خیبر پختونخوا پولیس میں شمولیت کے حوالے سے درپیش قانونی و انتظامی امور کا جائزہ لینا تھا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محکمہ داخلہ زبیر احمد،ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ ڈاکٹر قاسم، محکمہ قانون کے سینئر قانون دان رئیس خان، اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا اسمبلی کی متفقہ قرارداد نمبر 120، جو ان اہلکاروں کو پولیس میں ضم کرنے سے متعلق ہے، پر عمل درآمد سے متعلق تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔وزیر قانون آفتاب عالم ایڈوکیٹ نے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس اہم قومی معاملے میں قانونی تقاضوں کی تکمیل، شفافیت اور انصاف پر مبنی فیصلے یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ضم شدہ علاقوں کے اہلکاروں کو ان کا جائز مقام دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔اجلاس میں شرکاء نے پولیس، محکمہ داخلہ اور دیگر متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کی ضرورت پر زور دیا تاکہ یہ عمل خوش اسلوبی اور توازن کے ساتھ مکمل ہو۔ اس موقع پر خیبر پختونخوا پولیس ایکٹ کے تحت انضمام کے قانونی پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی گئی اور اس معاملے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ مذکورہ معاملہ قانونی قواعد کے مطابق متوازن طریقہ سے حل کیا جاسکے۔

مزید پڑھیں