ہسپتال کو جدید طبی سہولیات کا ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ڈاکٹر وقار اجمل
خیبر ٹیچنگ ہسپتال، خیبر میڈیکل کالج، اور خیبر کالج آف ڈینٹسٹری کے نئے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر وقار اجمل اور دیگر معزز بورڈ ممبران، ڈاکٹر روبینہ نعمان گیلانی، ڈاکٹر واجد علی، محمد اشتیاق احمد، انجینئر جاوید احسن اور تیمور شاہ نے 18 اور 19 اپریل 2025 کوکے ٹی ایچ کا ایک جامع دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمود اورنگزیب، ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی، میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر سجاد دواڑ اور ڈین کے سی ڈی پروفیسر ڈاکٹر سید ناصر شاہ، شعبہ جات کے سربراہان، اور انتظامی عملے نے بھی شرکت کی۔اس تفصیلی دورے میں ہسپتال کے تمام کلیدی شعبوں کا معائنہ کیا گیا، جن میں آؤٹ پیٹینٹ ڈیپارٹمنٹ (او پی ڈی)، ایمرجنسی وارڈ، ٹرانسپلانٹ سینٹر، آئی سی یو، نیورولوجی یونٹ، برن یونٹ، فارمیسی، ماڈولر آپریشن تھیٹر، وارڈز، نرسری، ہیومن ریسورسز، آئی بی پی کلینکس، فیسیلیٹیشن سیل، اور ڈائیلاسس یونٹ شامل تھے۔ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ظفر آفریدی نے اپنی بریفنگ میں واضح کیا کہ 2020 سے قبل ہسپتال میں ترقیاتی کام بہت محدود تھے، لیکن 2021 کے بعد سے ہسپتال نے ایک نئے عہد کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے مریضوں کی بہتر دیکھ بھال اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے لیے متعدد مکمل اور جاری منصوبوں پر روشنی ڈالی۔ اپنی گفتگو میں چیئرمین بورڈ آف گورنرز ڈاکٹر وقار اجمل نے کے ٹی ایچ کو صحت کے شعبے میں ایک ماڈل ادارہ بنانے کے لیے بورڈ کے ویژن کو دہرایا۔ انہوں نے دستیاب وسائل کے بہترین استعمال اور ہسپتال کی ترقی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ان کا کہنا تھا کہ بورڈ عوامی صحت کی بہتری کے لیے پرعزم ہے اور ہسپتال کو جدید طبی سہولیات کا ایک مثالی ادارہ بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انکا مزید کہنا تھا کہ بورڈ کا وژن نہ صرف موجودہ ضروریات کو پورا کرنا ہے بلکہ آنے والے وقت میں کے ٹی ایچ کو عالمی معیار کے طبی اداروں کی صف میں لانا بھی اس مشن کا حصہ ہے۔ اس مقصد کے تحت، ہسپتال میں تحقیق، تربیت، اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مریضوں کو بہتر علاج، ڈاکٹروں کو جدید تعلیم، اور عملے کو بہترین تربیت میسر آسکے۔ یہ وژن مستقبل کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرے گا اور کے ٹی ایچ کو پاکستان کے طبی نقشے پر ایک ممتاز مقام عطا کرے گا۔