سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی سے ڈائریکٹر جنرل نیب خیبرپختونخوا فرمان اللہ نے پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران صوبے میں نیب کی مجموعی کارکردگی، احتسابی عمل کی شفافیت اور عوامی اعتماد کی بحالی کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر خیبرپختونخوا اسمبلی میں قائم ”اکاؤنٹبیلٹی فیسیلیٹیشن سیل” کی کارکردگی پر بھی غور کیا گیا۔ سپیکر اسمبلی نے سیل کے مؤثر کردار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ جاتی ہم آہنگی اور شفاف طرز حکمرانی کے فروغ میں یہ سیل کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ملاقات میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (PAC) کی کارکردگی اور دائرہ کار کو مزید مؤثر بنانے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔ سپیکر اسمبلی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسمبلی کی جانب سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کو فعال، بااختیار اور نتیجہ خیز بنانے کے لیے تمام ضروری قانون سازی عمل میں لائی جائے گی۔سپیکر اسمبلی نے ڈی جی نیب فرمان اللہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب ایک اہم ادارہ ہے جو بدعنوانی کے خاتمے اور شفاف نظام حکمرانی کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ادارہ آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور دیانتداری سے سرانجام دیتا رہے گا۔اس موقع پر ڈی جی نیب نے سپیکر اسمبلی کے سسر کی وفات پر بھی دلی تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی۔