خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے انسپکشن ٹیموں نے گزشتہ روز پشاور اور ضلع خیبر میں خوراک سے وابستہ کاروباروں کے معائنے کیے، جس کے دوران غیر معیاری اور ملاوٹی اشیاء کی بڑی مقدار ضبط کر لی گئی۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم ٹاؤن-4 نے مختلف کاروباروں پر چھاپے مارے اور پھندو روڈ پر ایک کولڈرنکس شاپ سے تقریباً 500 لیٹر جعلی مشروبات برآمد کر کے ضبط کر لی اور بھاری جرمانہ عائد کیا اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیم ٹاؤن۔1، ٹاؤن -2 اور ٹاؤن ٹاؤن-4 نے مشترکہ کارروائی کی اور ناگمان کے علاقے میں ایک گڑگھانی پر اچانک چھاپہ مارا گیا، جہاں سے 1200 کلو گرام ملاوٹی گڑ اور 1500 کلو گرام چینی برآمد کر کے ضبط کر لی گئی۔ تفصیلات میں بتایا گیا کہ گڑ گھانی میں چینی اور دیگر کیمیکلز ملا کر گڑ تیار کی جا رہی تھی، جس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے مطابق مزید کاروائی کا آغاز کیا گیا۔مزید تفصیلات کے مطابق ضلع خیبر کے علاقے تختہ بیگ میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے ناکہ بندی کر کے خوراکی اشیاء لے جانے والی گاڑیوں کی چیکنگ کی اور موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیب کے ذریعے پانی، آئس کریم، گھی، آئل اور دودھ کے نمونے موقع پر ہی ٹیسٹ کیے۔ ترجمان کے مطابق 80 کلوگرام آئس کریم اور 10 کلو لوکل پاپڑ غیر معیاری ثابت ہونے پر موقع پر تلف کر دئیے گئے اور مالکان پر بھاری جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی صوبے کو ملاوٹ سے پاک کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ کامیاب کاروائیوں پر وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ شہریوں کی صحت سے کھلواڑ کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور کسی کیساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے۔