وزیراعلی خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت و حرفت اور فنی تعلیم عبدالکریم تورڈھیر نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کی ہدایات پر صنعتوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں اور اس سلسلے میں تمام سہولیات فراہم کرنے کی لیے فوری اور عملی اقدامات اٹھائیں گے۔انھوں نے کہا کہ چارسدہ کے صنعت کار اپنے کارخانے اور کاروبار سمال انڈسٹریل اسٹیٹ چارسدہ کو منتقل کریں اور سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔انھوں نے مزید کہا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری حکومتی اداروں اور صنعت کاروں کی مسائل اور مشکلات کے حل اور قرضوں اور دیگر سہولیات کے حصول کے لیے حکومتی اداروں اور صنعتکاروں کے مابین ایک پل کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے مرد اور خواتین نو منتخب کابینہ کی تقریب حلف برداری کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر عبدالکریم تورڈھیر نے چارسدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے منتخب کابینہ اراکین جبکہ سابق گورنر حاجی غلام علی نے و ومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ تقریب سے سابق گورنر حاجی غلام علی، چارسدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینیئر نائب صدر نعمان اکبر جان خان،میجر ریٹائرڈ اکبر جان خان مہمند، چیمبر اف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر سجاد علی، سابق صوبائی وزیر بیرسٹر ارشد عبداللہ، تحصیل چیئرمین مفتی عبد الروف شاکر،چیف کوآرڈینیٹر عرفان خسرو اور دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر چارسدہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر علی خان بھی موجود تھے۔معاون خصوصی نے اس موقع پر کہا کہ چارسدہ چیمبر اف کامرس اینڈ انڈسٹری نے قلیل عرصہ میں بہت کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر بزنس کمیونٹی کے تمام ٹریڈ سے قریبی رابطہ رکھے اور ان کے مشکلات اور مسائل حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے پاس سمال انڈسٹری کے فروغ اور صنعت کاروں کو سہولیات، بلاسود قرضوں اور گرانٹ کی فراہمی کے لیے خطیر رقوم پڑے ہیں جبکہ خواتین ٹرانس جینڈر اور معذور افراد کو کاروباری سرگرمیوں کے لیے بھی اربوں روپے کے فنڈ کا اجراء کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری حضرات ان سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے بچانے اور روزگار فراہم کرنے کے لیے صنعتوں کافروع ناگزیر ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سدہ چپل سازی، گڑ، سفیدہ اورکھدر سمیت دیگر کاروباری سرگرمیوں کے لیے مشہور ہے اور ان کاروباروں کو وسعت دینے،انکی مارکیٹنگ اور برانڈنگ کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہاں پر ٹیکنیکل ایجوکیشن کے مختلف سرٹیفیکٹس اور ڈپلومہ کورسزشروع کریں گے جبکہ علاقے میں صنعتوں کے قیام سے بے روزگاری کے خاتمہ میں مدد ملے گی۔