آزاد اور محفوظ صحافت جمہوریت کے استحکام کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے، معاون خصوصی محکمہ جنگلات پیر مصور خان

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جنگلات، جنگلی حیات، ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے گزشتہ روز چکدرہ پریس کلب کا دورہ کیا جہاں پریس کلب کے صدر اور دیگر عہدیداروں نے معاون خصوصی کا استقبال کیا،صوبائی زکوٰۃ چیئرمین امتیاز خان ایڈوکیٹ، تحصیل چیئرمین تھانہ افضل حسین اور تحصیل چیئرمین فیروشاہ بھی انکے ہمراہ تھے،معاون خصوصی نے چکدرہ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحافت جمہوریت کا چوتھا ستون کہلاتی ہے، آزاد اور محفوظ صحافت جمہوریت کے استحکام کے لئے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔ صحافی عوام بالخصوص مظلوم طبقات کی آواز ہوتے ہیں، صوبائی حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اقداما ت اٹھارہی ہے،انھوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ اپنے قلم کے ذریعے عوامی مسائل کو اجاگر کریں، معاشرے سے برائیوں کے خاتمے کے لئے صحافی حکومت کے ساتھ ملکر کردار ادا کریں، معاون خصوصی نے صحافیوں سے اپنی بات چیت میں مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے ہمارا ملک بہت متاثر ہورہا ہے، انہوں نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ جنگلات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے بچاؤ کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری سے متعلق اپنے قلم کے ذریعے عوام میں شعور اجاگر کریں،معاون خصوصی پیر مصور خان نے کہا کہ قدرتی ماحول کو برقرار رکھنا اور خود کو موسمیاتی تبدیلی کے نقصانات سے بچانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے.

مزید پڑھیں