توانائی منصوبوں میں وفاق کے ساتھ درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،سیکرٹری توانائی کاخطاب

پیڈوکوصوبے کا سب سے زیادہ آمدن دینے والاادارہ بنایاجائے گا،زبیرخان
متعدد منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں،معیشت کے استحکام اورصنعتی ترقی میں معاون ثابت ہونگے
توانائی منصوبوں میں وفاق کے ساتھ درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،سیکرٹری توانائی کاخطاب
سیکرٹری توانائی وبرقیات محمدزبیرخان نے کہا ہے کہ توانائی کے جاری منصوبوں میں متعددمنصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جومستقبل میں صوبے کی معیشت کے استحکام اورصنعتی شعبے کی ترقی کے لئے معاون ثابت ہونگے۔وفاقی اداروں کے ساتھ توانائی منصوبوں کودرپیش مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پراعلیٰ سطحی فورمز سے جلدرابطہ کیا جائیگا۔توانائی منصوبوں کی بروقت تکمیل صوبے اورعوام کے مفاد میں ہے اس لئے جاری منصوبوں کوجلدازجلدمکمل کرکے بجلی کی پیداوارشروع کی جائے۔ پیڈو جیسے اہم ترین ادارے کو ٹیم ورک کے تحت ماہرین کے تعاون سے صوبے کا ترقیافتہ اورسب سے زیادہ سالانہ اربوں روپے آمدن دینے والاادارہ بنایا جائے گا۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیڈوہاؤس میں توانائی کے جاری منصوبوں میں ہونے والی پیشرفت کے بارے میں منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیا۔چیف ایگزیکٹو پیڈوانجینئرریاض احمد جان نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پیڈو کی نگرانی میں اس وقت ہائیڈرو،سولرپاورسمیت ٹرانسمیشن لائن کے متعدد توانائی منصوبوں پر کام جاری ہے۔پیڈونے پن بجلی کے7منصوبے کامیابی کے ساتھ مکمل کئے ہیں جن سے مجموعی طورپر161میگاواٹ بجلی پیداکی جارہی ہے جس سے صوبے کو سالانہ4ارب روپے سے زائد کی آمدن ہورہی ہے جبکہ12منصوبوں جن میں 300میگاواٹ بالاکوٹ مانسہرہ،157میگاواٹ مدین سوات،88میگاواٹ گبرال کالام،84میگاواٹ مٹلتان سوات،69میگاواٹ لاوی چترال،40.8میگاواٹ کوٹودیر،11.8میگاواٹ کروڑہ شانگلہ،10.5میگاواٹ چپری چارخیل کرم اور6.9میگاواٹ مجاہدین پاورپراجیکٹ تورغر منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے جن سے مجموعی طورپر 778میگاواٹ بجلی پیداکی جائے گی اور صوبے کو سالانہ 45ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔ان منصوبوں میں سے بیشترمنصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں۔بعدازاں پراجیکٹ ڈائریکٹرسولرانجینئراسفندیارنے بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ صوبائی حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع میں 8ہزارسکولوں،5762مساجد،6650گھرانوں،187 بنیادی مراکزصحت سمیت سرکاری عمارتوں جن میں وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ وہاؤس اورسول سیکرٹریٹ میں بعض دفاترکو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبوں کومکمل کیا جاچکاہے جن کی مد میں عوام اورحکومت کو ماہانہ بجلی کے بلوں کی مد میں کروڑوں روپے کی بچت ہورہی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے گزشتہ دنوں 55ارب روپے لاگت کے2بڑے فلیگ شپ منصوبوں کا افتتاح کیا ہے جن میں 20ارب روپے کی لاگت سے13000سرکاری عمارتوں اور35ارب روپے کی لاگت سے1لاکھ 30ہزارگھرانوں کوآئندہ2سالوں میں شمسی توانائی پرمنتقل کیا جائیگا۔مفت سولر سکیم کے تحت پیڈوکوآن لائن 10لاکھ سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔اجلاس کے آخرمیں سیکرٹری توانائی نے پیڈوکی مجموعی کارکردگی پر اطمینان کا اظہارکیااور پیڈوحکام کو سختی سے خبردارکرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے جاری منصوبے مقررہ مدت میں ہرصورت مکمل کئے جائیں کیونکہ عوامی فلاح کے منصوبوں میں کسی بھی قسم کی تاخیرناقابل برداشت ہے۔

مزید پڑھیں