خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو نے 23 مارچ یومِ پاکستان کے موقع پر اپنا خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ 1940 کا دن تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے لاہور کے منٹو پارک میں قراردادِ پاکستان منظور کر کے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا عزم کیا۔ اس دن کی اہمیت ہمارے قومی تشخص، اتحاد اور خودمختاری کی بنیاد ہے۔انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں ان عظیم قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے بزرگوں نے ایک آزاد ریاست کے حصول کے لیے دیں۔ یہی دن ہمیں اتحاد، ایمان اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ وزیر خوراک نے کہا کہ آج ہمیں اپنے اسلاف کے خوابوں کو شرمند? تعبیر کرنے کے لیے محنت، دیانت اور اخوت کے جذبات کو فروغ دینا ہوگا۔ظاہر شاہ طورو نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہم سب کو اپنے اپنے شعبوں میں ایمانداری اور لگن سے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس دن کی نسبت سے پاکستان کی بقا، سالمیت اور استحکام کے لیے متحد رہیں اور اپنے کردار کو مثبت انداز میں ادا کریں۔وزیر خوراک نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمارے ملک کو ہمیشہ قائم و دائم رکھے اور ہم سب کو ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن پاکستان کے لیے مل کر کام کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔