وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو کا خیبرپختونخوا فوڈ اتھارٹی کی زیر تعمیر سنٹرل فوڈ لیبارٹری حیات آباد کا دورہ

شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی حکومت خیبرپختونخوا کی اولین ترجیح ہے، وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپورزیر تعمیر سنٹرل فوڈ لیبارٹری حیات آباد کاباقاعدہ افتتاح بہت جلد کریں گے، وزیر خوراک ظاہرشاہ طورو

خیبرپختونخوا کے وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی زیر تعمیر سنٹرل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری حیات آباد کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے وزیر خوراک کو لیبارٹری میں نصب جدید ٹیسٹنگ آلات، جاری سول ورک اور لیب کی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر خوراک کو بریفنگ دیتے ہوئے واصف سعید نے بتایا کہ لیبارٹری میں فوڈ ٹیسٹنگ کے لیے جدید مشینری بشمول ملک اسکین، میٹ ٹیسٹنگ لیب، سی ڈی آر، پی این آئی آر، ائیڈکس سالوشن، ایلائزا اور انکیوبیٹر نصب کی جا چکی ہیں، جو کہ خوردنی اشیاء کی معیار کے مطابق جانچ کے لیے فعال ہیں۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ لیب میں ٹی ڈی ایس میٹر، ائی۔چیک کروما، سونی کیٹر، لیمینار فلو ہوڈ، آٹو کلیوو، پی ایچ میٹر، ایچ پی ایل سی، یو ایچ پی ایل سی، سپیکٹروفوٹومیٹر، پی سی آر، پراکزیمیٹ این آئی آر اور باکس کیو سیون جیسے جدید آلات بھی موجود ہیں جسے بہت جلد فعال کیا جائے گا۔ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ یہ لیبارٹری مختلف اشیائے خوردونوش جیسے پاپس و چپس، مشروبات، گھی و آئل، گوشت، مصالحہ جات، پانی، دودھ اور دیگر فوڈ آئٹمز کے ٹیسٹنگ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ حلال و حرام کی جانچ کا نظام بھی موجود ہے۔وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو نے لیبارٹری کی جزوی فعالی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کے باقی کام آخری مراحل میں ہیں، اور جلد ہی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اس کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ خیبرپختونخوا پہلا صوبہ ہے جہاں اتنی جدید فوڈ ٹیسٹنگ لیب قائم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ فوڈ اتھارٹی کی 12 موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹریاں بھی صوبے بھر میں خدمات انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے کیونکہ صحت مند خوراک ہی صحت مند معاشرے کی ضمانت ہے۔وزیر خوراک کا مزید کہنا تھا کہ سٹیٹک لیبارٹری کے قیام سے پروڈکشن یونٹس میں خوراک کے معیار کی جانچ اور ٹیسٹنگ سے متعلق شعور اجاگر ہوگا، جبکہ صوبائی حکومت فوڈ اتھارٹی کو مزید جدید آلات کی فراہمی کے لیے بھی عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

مزید پڑھیں