خیبر پختونخوا کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے اپنے دفتر، سول سیکرٹریٹ پشاور میں قائمہ کمیٹی برائے سیاحت، ثقافت، آثار قدیمہ و میوزیم کے چیئرمین میاں شرافت علی، اراکین منیر حسین لغمانی اور اکرام غازی سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں سیاحت کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، ثقافتی ورثے کے تحفظ، اور مستقبل کی نسلوں کے لیے تاریخی مقامات کو محفوظ بنانے سے متعلق امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ شرکاء نے سیاحتی شعبے کو درپیش چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر مختلف تجاویز پیش کیں۔زاہد چن زیب نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی جانب سے قائمہ کمیٹی کو بھیجے گئے سوالات پر اپنی رائے پیش کی اور موجودہ حکومتی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاحت اور ثقافت نہ صرف صوبے کی معاشی ترقی کا ذریعہ بن سکتی ہے بلکہ عوام کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سیاحت کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنے کے لیے فوری اور ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے اور بین الاقوامی معیار کے مطابق سیاحتی ڈھانچے کو فروغ دیا جائے گا-