متعلقہ حکام اسے جلد مکمل کرنے کے لئے بھر پور اقدامات اٹھائیں۔صوبائی وزیر
خیبر پختونخوا کے وزیر لائیو سٹاک فشریز اینڈ کوآپریٹو فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ سوات موٹروے فیز ٹو کی تکمیل سے سوات اورملاکنڈ ڈویژن کیلیے صوبے کے دوسرے اضلاع سے سفر کرنے والے مسافروں کیلیے بہترسفری سہولت میسر ہوگی انہوں نے کہا کہ مذکورہ منصوبے کی تکمیل سوات کے عوام کے لیے ایک گیم چینجر ہوگی جو سیاحوں سمیت عام لوگوں کو سفری سہولیات مہیا کرنے کے ساتھ ساتھ عوام کو آمد رفت میں آسانی اور ان کے وقت میں بچت بھی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے سوات موٹروے فیز ٹو کے حوالے سے بدھ کے روز پشاور میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے رکن سلطان روم خان، ایم ڈی سوات موٹروے سہیل ادریس، پی ڈی برکت اللہ خان اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر کو سوات موٹروے فیز ٹو سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سوات موٹروے فیز ٹو کے تعمیری کام پر 36 ارب روپے لاگت آئے گی جبکہ اس منصوبے میں آنے والی اراضی کی قیمت 20 ارب روپے ہے۔صوبائی وزیر نے سوات موٹروے فیز ٹو کے 40 کلومیٹر حصے پر جلد از جلد کام شروع کرنے کی ہدایت کی اور متعلقہ افسران سے کہا کہ سوات موٹر وے فیز ٹو کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جس میں منتخب عوامی نمائندے اورمتعلقہ اراضی مالکان کو شامل کیا جائے تاکہ جہاں کہیں بھی مقامی لوگوں کو کسی قسم کے مسائل کا سامنا ہو تو اسے بروقت حل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کو بہتر سے بہتر سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے۔ سوات موٹروے فیز ٹو خیبر پختونخوا حکومت کی طرف سے سوات کے عوام سمیت پورے خیبر پختونخوا کے لیے ایک بہت بڑا تحفہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے سے نہ صرف مقامی لوگوں کو سہولت میسر ہوگی بلکہ سوات میں سیاحت کی فروغ میں بھی بڑی مدد ملے گی اور صوبہ بھر سمیت ملک اور بیرون ملک سے سیاح با آسانی سوات میں قدرتی نظاروں کو دیکھنے کے لئے آ جا سکیں گے