وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آباد کاری نیک محمد خان داوڑ کا ریسکیو ڈائریکٹوریٹ پشاور کا دورہ

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ریلیف، بحالی و آباد کاری نیک محمد خان داوڑ نے بدھ کے روزریسکیو ڈائریکٹوریٹ پشاور کا دورہ کیا۔ ان کی آمد پر ڈائریکٹر جنرل ریسکیو اور دیگر اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا، جب کہ ریسکیو اہلکاروں نے سلامی پیش کی اور پریڈ کا مظاہرہ کیا۔معاون خصوصی نے مختلف سیکشنز کا تفصیلی دورہ کیا اور ریسکیو آپریشنز میں استعمال ہونے والے جدید آلات اور تکنیکی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ لی۔ انہیں بتایا گیا کہ ریسکیو ادارہ نہ صرف قدرتی آفات جیسے زلزلے اور سیلاب بلکہ دہشت گردی، آگ، اور دیگر ہنگامی حالات میں بھی بروقت اور مؤثر خدمات فراہم کر رہا ہے۔اس موقع پر ریسکیو کے اہلکاروں اور حکام نے معاون خصوصی کو اپنے مسائل اور ضروریات سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی نے ان کے مسائل غور سے سنے اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت ان مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریسکیو اہلکاران ہر محاذ پر عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے پیش پیش ہیں، اور ان کی خدمات قابل تحسین ہیں۔نیک محمد خان داوڑ نے ریسکیو کے اقدامات اور خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ خیبر پختونخوا کے عوام کے لیے ایک اہم اثاثہ ہے اور حکومت ریسکیو کو مزید مضبوط اور فعال بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت ریسکیو اہلکاروں کی تربیت اور آلات کی جدیدیت پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاکہ ہنگامی حالات میں فوری اور مؤثر امداد فراہم کی جا سکے۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ریسکیو کے اہلکاروں کو درپیش مسائل کو فوری حل کرنے کے لیے صوبائی حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ بلاخوف و خطر اپنی خدمات انجام دے سکیں۔ اس موقع پر معاون خصوصی نے حکومت کی طرف سے ریسکیو کے اہلکاروں کے لیے مالی مراعات اور دیگر سہولیات کی فراہمی کو بھی یقینی بنانے کا عندیہ دیا۔

مزید پڑھیں