خیبر پختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ بلدیات، الیکشنز و دیہی ترقی کے تعارفی اجلاس کا انعقابد ھ کے روز
کمیٹی کے چیئرمین وممبر صوبائی اسمبلی ریاض خان کی زیر صدارت اسمبلی کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبران صوبائی اسمبلی افتخار اللہ جان، زر عالم خان، تاج محمد، شاہ ابو تراب، محبوب شیر، عباد اللہ خان، اعجاز محمد، ملک طارق اعوان، جلال خان، ارباب زرک، ثوبیہ شاہد، شرافت علی، عبد الکبیر خان جبکہ محکمہ بلدیات کی جانب سے سپیشل سیکرٹری، ڈائریکٹر جنرل، چیف پلانگ آفیسر اور دیگر متعلقہ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔سپیشل سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل بلدیات نے ادارے کی کارکردگی اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے کمیٹی کے چیئرمین اور ممبران کو تفصیلی بریفننگ دی۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی کے حوالے سے چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے بلدیات و دیہی ترقی ایم پی اے ریاض خان نے کہا کہ وہ صوبائی حکومت کے مشکور ہیں جس نے ان پر اعتماد کر تے ہوئے صوبے کی سب سے اہم کمیٹی کے ذمہ داری انہیں سونپی۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلدیاتی نظام کے حوالے سے پانچ سالوں کا ایک لائحہ عمل تیار کرینگے اور ہر سال اس پر نظر ثانی کر ینگے تاکہ صوبے کے بلدیاتی نظام میں نئی اصلاحات لائی جاسکیں۔چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ ادوار میں بھی خیبر پختونخوا میں بلدیاتی نظام کو بہتر کرنے میں خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں اور امید ہے کہ یہ سلسلہ اس دور میں بھی اسی طرح جاری رہے گا۔چیئرمین ریاض خان نے کہا کہ ٹی ایم ایز کی حالت زار کو ٹھیک کرنے اور ملازمین کے تنخواہوں کی ادائیگی کو بروقت بنانے کیلئے ایک مشروط لائحہ عمل تیار کروایا جائے تاکہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کا مستقل حل نکل سکے۔چیئرمین قائمہ کمیٹی ریاض خان نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں محکمہ خزانہ کے ایک سینئر افسر کو بھی مدعو کیا جائے تاکہ محکمہ بلدیات کے فنڈ کے مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جاسکیں۔ انھوں نے کہا کہ محکمہ بلدیات کا ترقی میں کلیدی کردار ہے اور ہم سب پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اپنے اپنے حصے کا کام کرتے ہوئے بلدیاتی نظام کو مزید مضبوط اور مستحکم بنا ئیں تاکہ صوبے کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مل سکیں۔