خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل اور امور نوجوانان سید فخر جہان نے پیر کے روز ضلع بونیر کے مرکزی تجارتی مرکز سواڑی میں واقع گورنمنٹ ڈگری کالج ڈگر میں نئے تیار کیے گئے ہاکی اسٹرو ٹرف کا افتتاح کیا۔یہ ترقیاتی منصوبہ ہاکی گراؤنڈ کے جامع ترقیاتی منصوبے کا حصہ ہے جس کا مجموعی تخمینہ 120.8ملین روپے ہے۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر پشاور زلمی کے تعاون سے مذکورہ مقام پر زلمی فاؤنڈیشن کرکٹ اکیڈمی کے قیام کا بھی اعلان کیا جس پر اگلے ہفتے سے کام بھی شروع کیا جائے گا۔اس طرح اس مقام پر جوان مرکز کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے،یہاں پرانڈورجمنازیم ہونے کیساتھ ساتھ سوئمنگ پول کے قیام کیلئے بھی پی سی ون جمع کیا گیا ہے۔سپورٹس کی اجتماعی سہولیات کی دستیابی سے یہ ضلع بونیر کیلئے ایک سپورٹس کمپلیکس ہوگا جو ڈگر کالج اور یونیورسٹی آف بونیر کے سنگھم پر واقع ہے۔ دوران افتتاح ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا عبدالناصر خان،ڈپٹی کمشنر بونیر کاشف قیوم خان،ڈائریکٹر ورکس سپورٹس احمد زیب افریدی،ہیڈ آف مارکیٹنگ پشاور زلمی احد خان،تحصیل گاگرہ کے اسسٹنٹ کمشنر نور نواز خان ناظمین،علاقہ عمائدین اور پارٹی ورکرز نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں صوبائی وزیر سید فخر جہان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کا یہ وژن ہے کہ وہ اپنے عوام کو ضروری سہولیات کی فراہمی میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔انھوں نے کہا کہ صوبہ بھر میں سپورٹس کی سہولیات بہم پہنچانا ہمارے اس وژن کا اہم حصہ ہے اور ہم اس کو عملی طور پر ثابت کر کے دکھارہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سپورٹس کو اہمیت دینا کسی بھی معاشرے کی صحت مندی کا مظہر ہوتا ہے کیونکہ جن قوموں کے سپورٹس کے میدان آباد ہوتے ہیں تو وہاں کے ہسپتال ویران ہوتے ہیں۔صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ بونیر میں ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں مزید بھی منصوبے لائیں گے اور جاری منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔انھوں نے کہا کہ بونیر کے عوام کی خدمت ان کا فریضہ ہے کیونکہ یہاں کے عوام نے پاکستان تحریک انصاف کو بھاری مینڈیٹ دیا ہے اور ہم انہیں مایوس نہیں کریں گے۔انھوں نے کہا کہ یہاں پر کھیلوں کے حوالے سے بھی مزید کام کیا جائے گا تاکہ علاقے میں نوجوانوں کو ہر طرح کے سہولیات میسر ہوں۔صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پشاور زلمی کے تعاون سے نئی کرکٹ اکیڈمی میں ہر طرح کے سہولیات میسر ہوں گے اور اس سے ضلع کی قدرتی ٹیلنٹ کو نکھارنے میں مدد ملے گی۔دریں اثنا صوبائی وزیر نے محکمہ سپورٹس کے حکام کے ہمراہ سپورٹس کمپلیکس کا تفصیلی معائینہ کیا اور وہاں پر جاری ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔