معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان کا پشاور اور ضلع خیبر میں فارسٹ چیک پوسٹوں کا دورہ، ڈیوٹی سے غیر حاضری، فرائص میں غفلت برتنے پر سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر سمیت پانچ اہلکار معطل

سرکاری فرائض میں غفلت اور بدعنوانی ناقابل برداشت ہے، پیر مصور خان

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے بدھ کے روز پشاور میں فارسٹ چیک پوسٹ کچہ گڑھی کا دورہ کیا جہاں پر انھوں نے عملے کی موجودگی، حاضری رجسٹر، سہولیات اور دیگر امور کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر موجود انچارج کو فرائض میں غفلت برتنے اور دو اہلکاروں کی ڈیوٹی سے غیر حاضری پر معطلی کے احکامات جاری کیئے۔ انھوں نے موقع پر ہی چیف کنزرویٹر آف فارسٹ خورشید خان کو فون کرکے سب ڈویژنل فارسٹ آفیسر پشاور ستار خان کو بھی ناقص کارکردگی اور فارسٹ چیک پوسٹوں کی باقاعدگی سے مانیٹرنگ نہ کرنے پر معطلی اور انکے خلاف باقاعدہ انکوائری شروع کرنے کے احکامات جاری کئے،بعد ازاں معاون خصوصی نے ضلع خیبر میں واقع فارسٹ چیک پوسٹ تختہ بیگ کا بھی اچانک دورہ کیا، اس موقع پر انھوں نے عملے کی حاضری، اس کی کارکردگی، عائد جرمانوں کے حوالے سے بینک چالان اور دیگر ریکارڈ کا بھی معائنہ کیا۔معاون خصوصی پیر مصور خان اس موقع پر لکڑیاں لے جانے والی گاڑیوں کے ڈرائیوروں سے بھی ملے، محکمہ جنگلات کی جانب سے جاری پرمٹس چیک کئے اور ان سے چیک پوسٹ پر عملے کے رویے اور رشوت کے حوالے سے معلومات حاصل کیں، رشوت کے حوالے سے ڈرائیوروں کی شکایات پر معاون خصوصی نے رینج فارسٹ آفیسر خیبر کے معطلی کے احکامات جاری کئے، معاون خصوصی برائے جنگلات پیر مصور خان نے اپنے دورے کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملازمین کی جانب سے فرائض میں غفلت اور بدعنوانی ناقابل برداشت ہے، انھوں نے ملازمین کو سختی سے ہدایات جاری کیں کہ ملازمین اپنا قبلہ درست کریں بصورت دیگر نتائج بھگتنے کے لئے تیار رہیں، صوبہ بھر میں جنگلات اور جنگلی حیات کی چیک پوسٹوں اور دفاتر کے اچانک دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا، انھوں نے افسران کو بھی تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ فارسٹ چیک پوسٹوں سے اہلکاروں کی عدم موجودگی پر متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

مزید پڑھیں