محکمہ تعلیم میں 16,454 آسامیوں کے لیے 8 لاکھ 66 ہزار سے زائد امیدواروں کی درخواستیں موصول، 406 پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرز بھی شامل 7,161 معذور امیدواروں کے علاوہ 4 ٹرانسجنڈر افراد بھی امیدواران میں شامل

محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا میں مختلف کیڈرز کی 16,454 آسامیوں کے لیے 8,66,152 امیدواروں نے درخواستیں جمع کروائی ہیں۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ایوالواشین اتھارٹی(ایٹا) کو موصول ہونے والے درخواستوں میں خواتین امیدواروں کی تعداد 3,95,487 جبکہ مرد امیدواروں کی تعداد 4,70,661 ہے۔ 7,161 معذور افراد نے بھی ان آسامیوں کے لیے درخواستیں جمع کروائی ہیں جب کہ 4 ٹرانسجینڈر پرسنز نے بھی سی ٹی اور پی ایس ٹی کیڈر کی آسامیوں کے لیے درخواستیں دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق نئی آسامیوں کے لئے موصول شدہ درخواستوں میں 406 پی ایچ ڈی ڈگری ہولڈرامیدوار بھی شامل ہیں جو تدریسی شعبے میں اپنی خدمات انجام دینے کے خواہشمند ہیں۔محکمہ تعلیم میں ان آسامیوں پر بھرتی کے لئے ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے ایٹا کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹرعادل سعید صافی نے کہا کہ ایٹا نے امتحانات کے شفاف انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے تین مراحل پر مشتمل طریقہ کار اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ پہلے مرحلے میں سکریننگ ٹیسٹ ہوگا، دوسرے مرحلے میں کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ منعقد کیا جائے گا، جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں کوالٹی چیک کا عمل انجام پائے گا، جس میں امیدواروں کی اسناد اور شناخت کی تصدیق کی جائے گی۔ ان کا مزید کہا کہ ایٹا امتحانات کا پہلا مرحلہ عید کے فوراً بعد شروع ہوگا اور امکان ہے کہ عربی ٹیچر، سی ٹی-آئی ٹی ٹیچر اور قاری کی آسامیوں کے لیے امتحانات اپریل کے دوسرے ہفتے میں منعقد کیے جائیں۔ عادل سعید کے مطابق امتحانات میں شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ ملکر مربوط حکمت عملی ترتیب دی گئی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگیوں کو روکا جا سکے۔

مزید پڑھیں