وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی ہدایت پر سیکرٹری ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر جنرل کے پی ایچ اے اور ڈائریکٹر (پی اینڈ ڈی) کے پی ایچ اے نے ضلع خیبر کا دورہ کیا اور وہاں ہاوسنگ سوسائٹی بنانے کے منصوبے پر قبائلی عمائدین سے تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر خیبر بھی موجود تھے۔ملاقات کے دوران سیکرٹری ہاؤسنگ نے قبائلی عمائدین کو لینڈ شیئرنگ فارمولے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ چار کنال کے ڈویوپلڈ پلاٹ میں انہیں ایک کنال کا ڈیویلپڈ پلاٹ دیا جائے گا جبکہ ضلع خیبر میں ہاوسنگ سوسائٹی بنانے کے لئے زمین کے مالکان کو کم از کم 500 کنال اراضی خیبر پختونخوا ہاوسنگ اتھارٹی کو منتقل کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ پہلے ہی رہائشی فلیٹس اور ہاؤسنگ سکیموں کے منصوبے کامیابی کے ساتھ شروع کر چکا ہے ان میں ہائی رائز فلیٹس فیز-V حیات آباد پشاور، ورسک-I فلیٹس پشاور، ملازئی ہاؤسنگ سکیم پشاور، حویلیاں ٹاؤن شپ ایبٹ آباد، جرما ہاؤسنگ سکیم کوہاٹ، ہنگوٹاؤن شپ، کے پی ایچ اے میگا سٹی نوشہرہ اور ڈانگرام ہاؤسنگ سکیم سوات قابل ذکر منصوبے ہیں۔اس موقع پر قبائلی عمائدین مذکورہ منصوبہ شروع کرنے پر اپنی طرف سے رضامندی کا اظہار کیا تاہم انہوں نے بتایا کہ وہ اس بارے میں اپنی قوم سے بھی مشورہ کریں گے۔ قبائلی عمائدین نے ضلع خیبر میں ہاؤسنگ کے منصوبے شروع کرنے پر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اور سیکرٹری ہاوسنگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت نے ضلع خیبر میں ہاؤسنگ سکیم کے آغاز کا ایک تاریخی قدم اٹھایا ہے اور یہ سکیم نہ صرف علاقے کے عوام کے لئے ایک پائیدار مستقبل کی نوید ہے بلکہ اس سے معاشی اور سماجی بہتری کے دروازے بھی کھلیں گے۔ قبائلی عمائدین نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ کامیابی سے پایہ تکمیل تک پہنچے گا اور عوام کے لیے خوشحالی کا سبب بنے گا۔ انہوں نے سیکریٹری ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ، ڈائریکٹر جنرل کے پی ایچ اے اور ڈائریکٹر (پی اینڈ ڈی) کے پی ایچ اے کی جانب سے ضلع خیبر کا دورہ کرنے پر شکریہ بھی ادا کیا۔