خیبرپختونخوا کے وزیر برائے جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جنگلات کی کٹائی میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی اور کسی کیلئے کوئی رعایت نہیں ہو گی، خیبرپختونخوا میں درختوں کی کٹائی پر پابندی کے باوجود بٹگرام میں جنگلات کی کٹائی میں ملوث افراد و محکمہ جنگلات کے اہلکاروں کیخلاف ایکشن لیتے ہوئے 3 اہلکاروں کو معطل کرکے ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے جیل بھیجا جائے گا انہوں نے واضح کیا کہ ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے کوئی بھی معافی کا مستحق نہیں ہوگا۔جنگلات اور سیاحت لازم و ملزوم ہیں اور اس کے لیے خیبر پختونخوا میں ریکارڈ شجرکاری کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار فضل حکیم خان یوسفزئی نے اپنے دفتر پشاور میں مختلف علاقوں سے آئے ہوئے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ الائی فارسٹ سب ڈویژن بٹگرام میں درختوں کی کٹائی سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو موصول ہوئی تھی جس پر فوری طور پر ایکشن لیتے ہوئے 8 رکنی کمیٹی سید زبیر شاہ رینج فارسٹ آفیسر کی سربراہی میں تشکیل دیتے ہوئے 2 دنوں میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی تھی۔کمیٹی کے رپورٹ کے مطابق محکمہ جنگلات کے 3 اہلکارعام شہری کیساتھ جنگلات کی کٹائی میں ملوث پائے گئے کمیٹی رپورٹ کی بنا پر عام شہری کیساتھ ساتھ محکمہ جنگلات کے 3 اہلکار ملوث پائے گئے 3 اہلکاروں کو نوکری سے معطل کرکے مزید تحقیقات شروع کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں جبکہ ملوث عناصر کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا کہ محکمہ جنگلات کے حکام کو ہدایت بھی کی ہے کہ ایسے واقعات پر کڑی نظر رکھیں اور جنگلات کی کٹائی والوں کیساتھ بلکل رعایت نہ کی جائے جنگلات کے تحفظ کیلئے مزید اقدامات اٹھائے جائیں، محکمہ جنگلات ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے الرٹ رہے صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے خلاف کچھ لوگ سوشل میڈیا پر جنگلات کی کٹائی کے حوالے سے پروپیگنڈا چلا رہے ہیں جس میں پرانی ویڈیوز اور کچھ باہر ممالک کی ویڈیوز شیئر کی جارہی ہیں میری وزارت میں اب تک میں نے ایک درخت کی کٹائی کا حکم نہیں دیا اور نہ مارکنگ کی اجازت دی ہے انہوں نے کہا کہ پابندی لگانے سے پہلے جتنی بھی قانونی طور پر کٹائی ہوئی ہے اس کی مارکنگ 2023 میں ہوئی جس وقت ہماری حکومت نہیں تھی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سرسبز و شاداب خیبر پختونخوا ہمارا ہدف ہے کسی کو جنگلات کی تباہی کی اجازت نہیں دینگے عوام کو جنگلات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔