ملاوٹ مافیا کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، ایسے گھناؤنے کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دیں، ڈائریکٹر جنرل واصف سعید کی شہریوں سے اپیل
خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے صوبہ بھر میں ملاوٹ مافیا اور غیر معیاری خوراکی اشیاء کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھتے ہوئے پشاور اور صوابی میں بڑی کاروائیاں کیں اور جعلی اور مضر صحت مشروبات کی بڑی کھیپ برآمد کرکے ضبط کر لی
ترجمان فوڈ اتھارٹی نے کاروائیوں کے حوالے سے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز خفیہ اطلاع ملنے پر فوڈ سیفٹی ٹیمیں ٹاؤن-3اور ٹاؤن ٹاؤن-4 نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے پشاور میں رنگ روڈ چغلپورہ میں واقع ایک گودام پر اچانک چھاپہ مارا، جہاں سے تقریباً 5 ہزار لیٹر جعلی برانڈڈ مشروبات برآمد کر لی گئیں۔ ترجمان نے بتایا کہ یہ جعلی اور مضر صحت مشروبات شہر میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے صوابی کے شیوہ بازار میں بھی کاروائی کرتے ہوئے ایک سٹور سے 810 لیٹر جعلی مشروبات برآمد کیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مالکان پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے ہیں اور فوڈ سیفٹی ایکٹ کے مطابق مزید کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی واصف سعید نے کامیاب کاروائیوں پر انسپکشن ٹیموں کی کار کردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملاوٹ مافیا کا خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ ایسے گھناؤنے کاروباروں میں ملوث افراد کو فوڈ اتھارٹی کے نوٹس میں لائیں تاکہ ان کے خلاف بروقت کارروائی کی جا سکے۔