رمضان سے قبل محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی کا گراں فروشوں اور غیر معیاری خوراک کے خلاف کریک ڈاؤن کا آغاز

گراں فروشی اور غیر معیاری خوردونوش اشیاء کے کاروبار میں ملوث افراد کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، وزیر خوراک ظاہر شاہ طورو

فوڈ اتھارٹی کا مردان میں نمکو یونٹ پر چھاپہ، 1 ہزار 136 کلو غیر معیاری کھلا تیل برآمد، سوات سے 300 لیٹر غیر معیاری دودھ تلف بھاری جرمانے عائد

محکمہ خوراک نے گراں فروشی پر 13 مقدمات درج کر لیے،سخت کاروائی کا فیصلہ

وزیر خوراک خیبر پختونخوا ظاہر شاہ طورو کی ہدایت پر رمضان سے قبل محکمہ خوراک اور فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے مضر صحت اور گراں فروشی کے خلاف کارروائیوں میں تیزی کر دی۔ ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی ٹیم نے مردان میں نمکو یونٹ پر چھاپہ مارا اور انسپکشن کے دوران 1 ہزار 136 لیٹرز سے زائد غیر معیاری اور ناقص کھلا تیل برآمد کر کے تلف کر دیا، کارخانے سے نان فوڈ گریڈ کلر بھی برآمد ہوا جس پر کارخانے کو سربمہر کر کے فوڈ سیفٹی ایکٹ کیمطابق مزید کارروائی کا آغاز کردیا گیا اسی طرح فوڈ سیفٹی ٹیموں نے ڈی آئی خان، سوات اور بنوں میں مین شاہراہوں پر ناکہ بندیاں کی اور خوردونوش اشیاء کی گاڑیوں کی چیکنگ کی، معائنوں کے دوران سوات میں ایک گاڑی سے غیر معیاری 300 لیٹرز دودھ پکڑ کر تلف کر دیاگیا اوربھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔مزید تفصیلات کیمطابق محکمہ خوراک کے اہلکاروں نے بھی پشاور میں جنرل اسٹورز، کباب ہوٹلز، دودھ فروشوں اور قصائیوں پر چھاپے مارے اور سرکاری نرخ نامے چیک کیے اور گاہکوں سے مختلف خوردونوش اشیاء کے بارے میں دریافت کیا، اس دوران گران فروشی پر 13 دوکانداروں کیخلاف ایف آئی آر درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا۔ ظاہر شاہ طورو نے گرانفروشوں اور غیر معیاری کاروباروں میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن کو سراہتے ہوئے کہا کہ گران فروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کیساتھ سختی سے نمٹا جائے گا، صوبائی وزیر نے افسران کوگران فروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور غیر معیاری خوردونوش اشیاء پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔

مزید پڑھیں