رمضان ریلیف اقدامات میں تیزی، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کی زیر صدارت انتظامی امور سے متعلق دوسرا اجلاس

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ کی زیر صدارت رمضان ریلیف اقدامات کا جائزہ لینے اور ان میں مزید بہتری لانے کے لیے دوسرا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری خوراک، محکمہ بلدیات کے حکام، تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری نے صوبے کے تمام اضلاع میں اشیائے ضروریہ بالخصوص چینی کی دستیابی کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک کے دوران عوام کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے چینی اور دیگر بنیادی اشیائے خورد و نوش کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ عوام کو سہولت فراہم کرنے اور مصنوعی قلت یا قیمتوں میں اضافے کی روک تھام کے لیے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی گئی کہ وہ آٹے، مرغی، گوشت، دودھ، گھی، بیسن، چاول، دال چنا، آلو، پیاز اور ٹماٹر سمیت تمام ضروری اشیا کی وافر دستیابی یقینی بنائیں۔ مزید برآں، قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لیے محکمہ خوراک کو 12 بنیادی اشیا کی قیمتوں کی مسلسل نگرانی کی ہدایت دی گئی ہے، اور روزانہ کی بنیاد پر چیف سیکرٹری کو رپورٹ پیش کرنے کی پابند بنایا گیا ہے۔ اسی طرح، بجلی اور گیس کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے چیف سیکرٹری متعلقہ اعلیٰ حکام سے خصوصی رابطہ کریں گے۔مہنگائی کا دباؤ کو کم کرنے شفافیت یقینی بنانے کے لیے تمام اضلاع میں ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کر دی گئی ہیں، جو قیمتوں کی نگرانی اور ضابطہ بندی کا فریضہ انجام دیں گی۔ اس کے علاوہ، ہر تحصیل میں خصوصی ڈیسک قائم کیے گئے ہیں تاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر نظر رکھی جا سکے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔ فروٹ منڈیوں میں نیلامی کے عمل کو بھی شفاف بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں تاکہ قیمتوں میں غیر ضروری اضافے کو روکا جا سکے۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ ذخیرہ اندوزی اور مصنوعی قلت کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے اور مسلسل مانیٹرنگ کے ذریعے اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جا رہی ہے۔ عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے تمام اضلاع میں مخصوص واٹس ایپ نمبرز جاری کر دیے گئے ہیں، جہاں شہری قیمتوں میں اضافے یا قلت کی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، ضلعی انتظامیہ نے بازاروں میں نگرانی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ عملے کی تعیناتی میں رد و بدل کیا ہے۔ چیف سیکرٹری نے واضح کیا کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ انتظامیہ قیمتوں اور ذخیرہ اندوزی کے حوالے سے حکومتی احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرائیں اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

مزید پڑھیں