خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور ڈویژن میں مختلف کارروائیوں کے دوران ضبط شدہ بڑی مقدار میں غیر معیاری اور مضر صحت مشروبات، مصالحہ جات،چائنا سالٹ،چائے کی پتی، پاپڑ، کیچپ، آچار، ملک پیکس اور دیگر خوردنی اشیاء گزشتہ روز پشاور میں ڈمپنگ سائٹ پر تلف کردیں۔ترجمان فوڈ اتھارٹی نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ فوڈ سیفٹی اتھارٹی پشاور ڈویژن میں تقریباً 36 لاکھ 40 ہزار روپے مالیت کے 202 بیگز ممنوعہ چائنا سالٹ، تقریباً 4 لاکھ روپے مالیت کے غیر معیاری اور مضر صحت 580 کارٹن جوس، انرجی ڈرنکس، اور ڈبہ بند دودھ تلف کیے گئے۔ اس کے علاوہ، 20 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 3 ہزار 4 سو کلو گرام غیر معیاری اور مضر صحت مصالحہ جات اور چوکر کو بھی ضائع کیا گیا۔مزید تفصیلات کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 10 ہزار لیٹر مختلف برانڈز کے جعلی مشروبات بھی ضبط کیے گئے جن کی مالیت تقریباً 12 لاکھ روپے تھی۔ ترجمان کے مطابق، 3 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کے 1 ہزار کلو غیر معیاری آچار بھی تلف کیا گیا۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق 3 لاکھ 50 ہزار روپے مالیت کی غیر معیاری اور مضر صحت چائے کی پتی، پاپڑ، کیچپ، ٹماٹر کی چٹنی، کافی، بسکٹ، چاکلیٹ، کوکنگ آئل، سرکہ وغیرہ بھی تلف کیے گئے۔تفصیلات بتاتے ہوئے ترجمان کا کہنا تھا کہ تمام غیر معیاری اور مضر صحت اشیاء کو ڈائریکٹر جنرل واصف سعید کی ہدایت پر ڈپٹی ڈائریکٹر لطیف الرحمان اور اسسٹنٹ ڈائریکٹرز فوڈ سیفٹی، مانیٹرنگ اینڈ ایوالوویش آفیسر ڈاکٹر سمیع اللہ کی نگرانی میں تلف کیا گیا۔ ترجمان نے بتایا کہ تمام اشیاء کو ایس او پیز کے مطابق چارسدہ روڈ پر ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے قائم ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیا گیا۔