خیبرپختونخواکے تمام اضلاع میں دینی مدارس کومفت سولرسسٹم کی فراہمی کا فیصلہ

محکمہ اوقاف ومذہبی امورجلد1000سے زائددینی مدارس کی سولرائزیشن کے لئے سروے کاآغاز کرے گا
خیبرپختونخواحکومت نے دینی تعلیم کے فروغ اورطلباء کودینی تعلیم کی طرف راغب کرنے کیلئے صوبے بھر بشمول ضم شدہ قبائلی اضلاع کے 1000سے زائددینی مدارس میں مفت سولرسسٹم کی تنصیب کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکی ہدایات کی روشنی میں محکمہ اوقاف ومذہبی امورخیبرپختونخواجلدہرضلع میں دینی مدارس کوشمسی توانائی پرمنتقل کرنے کیلئے صوبے بھرمیں محکمہ توانائی کے تعاون سے سروے کاآغاز کرے گا۔ا س سلسلے میں محکمہ اوقاف کی درخواست پرسیکرٹری توانائی وبرقیات نثاراحمد خان کی زیرصدارت سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت رجسٹرڈ دینی مدارس کی سولرائزیشن کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہواجس میں سیکرٹری اوقاف ومذہبی امورعادل صدیق،پراجیکٹ ڈائریکٹرسولرائزیشن انجینئراسفندیارخان موسیٰ زئی اورسینئرپلاننگ آفیسرانجینئرلقمان حکیم نے شرکت کی۔اجلاس میں سیکرٹری اوقاف عادل صدیق نے بتایا کہ ڈائریکٹرجنرل مذہبی تعلیمDGREحکومت پاکستان کی مشاورت سے سروے کے بعد صوبے بھر میں رجسٹرڈدینی مدارس کو مفت سولر سسٹم کی فراہمی کے لئے محکمہ توانائی وبرقیات کے تعاون سے منصوبے پر جلدکام کا آغازکیا جائے گا اورہرمدرسے کو ضرورت کے مطابق سولرسسٹم فراہم کیا جائیگا۔اس موقع پر سیکرٹری توانائی نثاراحمد خان نے متعلقہ پراجیکٹ ڈائریکٹرکو ہدایت جاری کی کہ محکمہ اوقاف ومذہبی امورکے ساتھ مل کر سروے کرکے منصوبے کا PC-1تیارکیا جائے تاکہ منصوبے پر فوری طورپر عملی کام کاآغازکیا جائے۔انہوں نے منصوبے کی بروقت تکمیل کے لئے محکمہ اوقاف کی طرف سے فنڈزکی بروقت فراہمی کویقینی بنانے اور ہرضلع کے تناسب سے رجسٹرڈ دینی مدارس کی سولرائزیشن کے لئے لسٹیں مرتب کرکے فراہم کرنے پرزوردیا۔

مزید پڑھیں